پلس پروگرام کے تحت اراضی ریکارڈ کی شفاف ڈیجیٹلائزیشن ہر صورت یقینی بنائی جائے گی، سنیہ صافی

جہلم: ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو سنیہ صافی کی زیر صدارت پنجاب اربن لینڈ سسٹمز انہانسمنٹ (پلس) پروگرام کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ریونیو عملے کے ساتھ اراضی ریکارڈ کی ڈیجیٹلائزیشن، فیلڈ ویری فکیشن اور ملکیتی ریکارڈ سے متعلق مختلف امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں ریونیو عملے نے پلس پروگرام کے تحت جاری سروے، کھیوٹ نمبرز کی تصدیق، کھاتوں کی جانچ پڑتال اور اراضی ریکارڈ کی اپ ڈیٹیشن کے حوالے سے بریفنگ دی۔ شرکاء کو مختلف مراحل پر ہونے والی پیش رفت اور درپیش چیلنجز سے بھی آگاہ کیا گیا۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو سنیہ صافی نے ہدایت کی کہ اراضی سے متعلق تمام ریکارڈ کو مکمل درستگی، شفافیت اور ذمہ داری کے ساتھ اپ ڈیٹ کیا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ غلط اندراجات، ریکارڈ میں خامیوں یا غیر ضروری تاخیر کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب اربن لینڈ سسٹمز انہانسمنٹ (پلس) پروگرام کا بنیادی مقصد اراضی ریکارڈ کو جدید ڈیجیٹل نظام پر منتقل کرنا ہے تاکہ شہریوں کو کھیوٹ، کھاتہ اور فردِ ملکیت کے حصول میں آسانی، شفافیت اور بروقت سہولت میسر آ سکے۔
سنیہ صافی نے ریونیو عملے کو ہدایت کی کہ فیلڈ سطح پر ڈیٹا کی تصدیق اور درستگی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے تاکہ مستقبل میں شہریوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
اجلاس کے اختتام پر انہوں نے تمام افسران اور فیلڈ عملے پر زور دیا کہ وہ باہمی تعاون اور ٹیم ورک کے ساتھ مقررہ اہداف کے حصول کو یقینی بنائیں تاکہ حکومت پنجاب کے ویژن کے مطابق شہریوں کو بہتر، تیز رفتار اور شفاف ریونیو سروسز فراہم کی جا سکیں۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور اراضی ریکارڈ کی مؤثر ڈیجیٹلائزیشن سے نہ صرف عوامی سہولیات میں اضافہ ہوگا بلکہ ریونیو نظام میں شفافیت اور اعتماد بھی مزید مضبوط ہوگا۔



