جہلم: ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری کی ہدایت پر ضلع بھر میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سرچ آپریشنز کا سلسلہ جاری ہے۔ پولیس نے مختلف مقامات پر 13 سرچ آپریشنز کے دوران 439 افراد، 202 گھروں اور 27 ہوٹلز و بس اسٹینڈز کی چیکنگ کی، جبکہ کارروائی کے دوران دو ملزمان کو گرفتار کرکے منشیات اور شراب برآمد کر لی۔
ترجمان جہلم پولیس کے مطابق ضلع بھر میں جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی اور امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشنز کیے گئے۔ ان کارروائیوں کے دوران مشتبہ افراد، رہائشی مکانات، ہوٹلز اور بس اسٹینڈز کی جانچ پڑتال کی گئی۔
پولیس کے مطابق تھانہ کالا گجراں کی حدود میں کارروائی کے دوران ایک منشیات فروش اور شراب سپلائی کرنے والے ملزم کو گرفتار کیا گیا۔ گرفتار ملزمان کے قبضے سے مجموعی طور پر ایک کلو 220 گرام چرس اور 10 لیٹر شراب برآمد ہوئی۔ ملزمان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔
ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے اردگرد کے ماحول پر کڑی نظر رکھیں اور کسی بھی مشکوک شخص، غیر قانونی طور پر مقیم فرد یا جرائم پیشہ سرگرمی میں ملوث عناصر کے بارے میں فوری طور پر پولیس کو اطلاع دیں۔
انہوں نے کہا کہ شہریوں کی جانب سے بروقت اطلاع کسی بڑے جرم کی روک تھام اور معاشرے میں امن و امان کے قیام میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔ اگر کسی شہری کے علم میں کوئی ایسا شخص آئے جو بغیر کوائف کے رہائش پذیر ہو، مشتبہ سرگرمیوں میں ملوث ہو یا قانون کی خلاف ورزی کر رہا ہو تو وہ فوری طور پر قریبی تھانے یا پولیس ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر اطلاع دے۔
ڈی پی او جہلم نے واضح کیا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ اور امن و امان کا قیام پولیس کی اولین ترجیح ہے، جبکہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔
