پوٹھوہار فاریسٹ سرکل کا غیر قانونی لکڑی سمگلنگ کرنے والے مافیا کے خلاف ایکشن، 73 لاکھ روپے جرمانہ

جہلم: پوٹھوہار فاریسٹ سرکل نے غیر قانونی لکڑی کی سمگلنگ کرنے والے مافیا کے خلاف تاریخ ساز کارروائی کرتے ہوئے ریکارڈ جرمانہ عائد کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق 10 نومبر 2025 کو کنزرویٹر آف فاریسٹ پوٹھوہار شوکت علی خان نے ڈی ایف او جہلم سدھیر مغل، ایس ڈی ایف او اور فاریسٹ اسٹاف کے ہمراہ موٹر وے پر سفر کے دوران ایک مشکوک گاڑی کو روک کر مکمل تلاشی لی، جس میں بھاری مقدار میں غیر قانونی لکڑی برآمد ہوئی۔

پوٹھوہار فاریسٹ سرکل نے گاڑی، کنٹینر اور لکڑی کو فوراً موقع پر قبضے میں لے کر ڈی ایف او دفتر منتقل کیا گیا۔ ڈی ایف او جہلم نے مراسلہ نمبر 336/Ec مورخہ 10.11.2025 کے تحت کارروائی مکمل کرتے ہوئے لکڑی کو قانونی دائرے میں لاتے ہوئے بحق سرکار ضبط کر لیا۔ ضبط شدہ لکڑی کی مقدار 906 اعشاریہ 25 مکعب فٹ تھی، جس میں چیر، کیل اور پرتال جیسے قیمتی درخت شامل تھے۔

بعد ازاں 19 نومبر 2025 کو نامزد فاریسٹ مجرم نے 73 لاکھ روپے جرمانہ اور معاوضہ جمع کروایا اور حلف نامہ بھی جمع کرایا۔ ڈی ایف او جہلم نے کیس کو کمپاؤنڈ کیا، جو فاریسٹ قوانین کی تاریخ میں اب تک کا سب سے بھاری جرمانہ قرار دیا جا رہا ہے۔

ڈی ایف او جہلم سدھیر مغل نے اس کامیاب کارروائی پر اسٹاف کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام غیر قانونی لکڑی کی سمگلنگ کے خاتمے اور جنگلات کے تحفظ میں ایک سنگ میل ثابت ہوگا، اور مستقبل میں بھی قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائیاں جاری رہیں گی۔

Exit mobile version