سوہاوہ: جہلم پولیس نے غیر قانونی طور پر مقیم افراد کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے افغان شہری اور مالک مکان کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان جہلم پولیس کے مطابق جہلم پولیس کا غیر قانونی طور پر مقیم افراد اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔ اس سلسلے میں تھانہ ڈومیلی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی طور پر مقیم ایک افغان شہری اور اسے رہائش فراہم کرنے والے مالک مکان کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان کے مطابق مالک مکان نے کرایہ داری کا اندراج نہیں کروایا تھا اور غیر قانونی طور پر مقیم افغان شہری کو رہائش فراہم کر رکھی تھی۔ پولیس نے مالک مکان کے خلاف قانون کے مطابق مقدمہ درج کر کے مزید قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔
جہلم پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ کسی بھی غیر قانونی طور پر مقیم فرد یا جرائم پیشہ عنصر کے بارے میں فوری طور پر پولیس کو اطلاع دیں۔ پولیس کے مطابق غیر قانونی طور پر مقیم افغان شہریوں کو پناہ دینا، ملازمت پر رکھنا، دکان یا مکان کرایے پر دینا یا کسی بھی قسم کی سہولت فراہم کرنا قانوناً جرم ہے، جس کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ کرایہ داروں کا بروقت اندراج یقینی بنائیں اور قانون کی پاسداری کرتے ہوئے پولیس کے ساتھ تعاون کریں۔
ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری کا کہنا ہے کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن جاری ہے اور شہریوں کی جان و مال کا تحفظ جہلم پولیس کی اولین ترجیح ہے۔
