جہلم: ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122 جہلم انجینئر سعید احمد کی زیرِ صدارت اجلاس منعقد ہوا، جس میں ریسکیو 1122 جہلم کی ماہ اکتوبر 2026ء کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ ریسکیو 1122 جہلم نے ماہ اکتوبر کے دوران بروقت رسپانس کرتے ہوئے مجموعی طور پر 3,103 افراد کو ریسکیو کیا۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ ریسکیو کیے گئے افراد میں سے 1,347 کو جائے وقوعہ پر ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی، جبکہ 1,661 مریضوں کو مزید طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا۔
اکتوبر کے دوران ریسکیو 1122 جہلم نے مجموعی طور پر 3,112 ایمرجنسی کالز پر رسپانس کیا۔ ان میں 418 روڈ ٹریفک حادثات، 2,260 میڈیکل ایمرجنسیز، آگ لگنے کے 12 واقعات، جرائم سے متعلق 23 واقعات، ڈوبنے کے 2 واقعات اور 397 متفرق ایمرجنسیز شامل تھیں۔
ریسکیو 1122 جہلم نے ماہ اکتوبر کے دوران اوسطاً 7اعشاریہ 5 منٹ کے رسپانس ٹائم کے ساتھ شہریوں کو ایمرجنسی سروسز فراہم کیں اور بروقت امدادی کارروائیوں کا سلسلہ جاری رکھا۔
کمیونٹی سیفٹی پروگرام کے تحت محفوظ معاشرے کے قیام کے لیے ماہ اکتوبر میں بلند و بالا عمارتوں کے فائر سیفٹی سروے کیے گئے۔ اس کے علاوہ مختلف اداروں میں فرسٹ ایڈ اور فائر سیفٹی کے حوالے سے تربیتی سیشنز بھی منعقد کیے گئے، تاکہ شہریوں اور متعلقہ عملے کو ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے ضروری تربیت فراہم کی جا سکے۔
ریسکیو 1122 جہلم کی جانب سے 31 اکتوبر 2026ء کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز (ڈی ایچ کیو) ہسپتال جہلم میں میت منتقلی ایمبولینس سروس کا بھی باقاعدہ آغاز کیا گیا۔ اس سروس کے تحت شہریوں کو میت کی منتقلی کی سہولت بلا معاوضہ فراہم کی جائے گی۔
ماہ اکتوبر کے دوران مختلف ہسپتالوں میں فائر سیفٹی ڈرلز کا انعقاد بھی کیا گیا۔ ان مشقوں کا مقصد ہسپتال انتظامیہ اور عملے کو آگ لگنے یا کسی بھی ہنگامی صورتحال کے دوران فوری، مؤثر اور منظم حفاظتی اقدامات، فائر فائٹنگ اور ایمرجنسی رسپانس کے حوالے سے عملی تربیت فراہم کرنا تھا۔
علاوہ ازیں، پیشنٹ ٹرانسفر سروس کے تحت بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے ضلع جہلم سے مجموعی طور پر 171 مریضوں کو راولپنڈی، اسلام آباد اور سرگودھا کے ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔
اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر جہلم انجینئر سعید احمد نے ریسکیورز کی ماہانہ کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ریسکیو 1122 جہلم کی ٹیم ہر قسم کی ہنگامی صورتحال اور آفات سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔ ٹیم شہریوں کو بروقت اور بہترین ایمرجنسی سروسز فراہم کرنے کے لیے اپنے فرائض احسن طریقے سے سرانجام دے رہی ہے۔
