لہڑی موڑ کے قریب سی سی ڈی اور مبینہ منشیات فروشوں میں مبینہ مقابلہ، بین الصوبائی منشیات فروش ہلاک

دینہ/ جہلم: لہڑی موڑ کے قریب سی سی ڈی اور مبینہ منشیات فروشوں میں مبینہ مقابلے کے دوران بین الصوبائی منشیات فروش شاہ زیب خالد مارا گیا۔

ترجمان کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ جہلم کے مطابق دینہ میں لہڑی موڑ کے قریب کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ (سی سی ڈی) ٹیم اور منشیات فروشوں کے درمیان مبینہ مقابلہ ہوا، جس کے نتیجے میں بین الصوبائی منشیات فروش شاہ زیب خالد ہلاک ہوگیا، جبکہ اس کے دیگر ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

ترجمان کے مطابق سی سی ڈی ٹیم نے مخبر کی اطلاع پر لہڑی موڑ کے قریب ناکہ بندی کر رکھی تھی کہ موٹر سائیکل پر سوار تین افراد نے مبینہ طور پر پولیس پر فائرنگ کردی۔ فائرنگ کے دوران ملزم شاہ زیب خالد اپنے ہی ساتھیوں کی مبینہ فائرنگ کی زد میں آکر ہلاک ہوگیا، جبکہ اس کے دیگر ساتھی لہڑی کے جنگل کی طرف فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

سی سی ڈی ترجمان کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والا ملزم پشاور سے بیٹھ کر مبینہ طور پر آن لائن منشیات کا نیٹ ورک چلا رہا تھا، جبکہ دینہ، جہلم، گجرات، راولپنڈی سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں اس کا نیٹ ورک قائم تھا۔

ترجمان کے مطابق فرار ہونے والے ملزمان کی گرفتاری کے لیے علاقے میں کارروائی اور تلاش کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ واقعے کے دیگر پہلوؤں کی بھی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

Exit mobile version