ریسکیو 1122 جہلم کی شاندار کارکردگی، 2024 میں 24,373 افراد کو ریسکیو کیا

جہلم: ریسکیو 1122 جہلم نے سال 2024 میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مجموعی طور پر 24,373 افراد کو ریسکیو کیا۔ اس دوران ریسکیو ٹیم نے مختلف ایمرجنسیز میں بروقت رسپانس کے ذریعے 15,189 مریضوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد ہسپتال منتقل کیا۔

ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر سعید احمد کی قیادت میں ریسکیو 1122 جہلم نے اپنی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے ایک اجلاس منعقد کیا۔ اس اجلاس میں ریسکیو اینڈ سیفٹی آفیسر اعجاز احمد تحصیل پنڈدادنخان، کنٹرول روم انچارج صابر حسین جہلم، سینئر اکاؤنٹنٹ محمد شیراز اور تمام تحصیلوں کے اسٹیشن کوآرڈینیٹرز اور دیگر سینئر آفیشلز نے شرکت کی۔

ریسکیو 1122 جہلم نے سال 2024 کے دوران 98,203 فون کالز وصول کیں، جن میں سے 22,571 ایمرجنسی کالز تھیں۔ ان ایمرجنسیز میں 3,749 روڈ ٹریفک ایکسیڈنٹ، 15,200 میڈیکل ایمرجنسیز، 359 فائر ایمرجنسیز، 330 کرائم کیسز، 28 ڈوبنے کے واقعات، ایک عمارت گرنے کا واقعہ اور 2,903 متفرق ایمرجنسیز شامل تھیں۔

اس دوران، مختلف ایمرجنسیز میں 790 افراد کی جان چلی گئی۔ علاوہ ازیں، نالہ گہان میں آنے والے سیلاب میں 120 افراد کو ریسکیو کیا گیا۔ ریسکیو 1122 جہلم کی ٹیم نے پیشنٹ ٹرانسفر سروس کے تحت 2,040 مریضوں کو راولپنڈی، اسلام آباد اور سرگودھا کے بڑے ہسپتالوں میں منتقل کیا تاکہ انہیں بہتر طبی سہولتیں فراہم کی جا سکیں۔

انچارج ریسکیو 1122 جہلم انجینئر سعید احمد نے کہا کہ ریسکیو 1122 کے جوان کسی بھی ایمرجنسی یا سانحے سے نمٹنے کے لیے ہر وقت تیار ہیں اور ادارہ عوام کی فلاح کے لیے کام جاری رکھے گا۔ انہوں نے عوام سے درخواست کی کہ وہ ریسکیو 1122 کے ہیلپ لائن نمبر پر غیر ضروری کالز سے اجتناب کریں، کیونکہ اس سے کسی مستحق شخص کی زندگی کو خطرہ ہو سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مزید برآں، ریسکیو 1122 جہلم کی کمیونٹی سیفٹی ونگ نے بلند عمارتوں کا سروے کیا اور مالکان کو سیفٹی کے قوانین پر عمل کرنے کی ہدایات دی تاکہ عمارات کو محفوظ بنایا جا سکے۔ اس کے علاوہ، مختلف اداروں، سکولز، کالجز اور یونین کونسلز میں شہریوں کو ابتدائی طبی امداد، حادثات سے آگاہی اور قدرتی آفات سے نمٹنے کے بارے میں تربیت دی گئی۔ فرضی مشقوں کا بھی انعقاد کیا گیا تاکہ شہریوں کو ہنگامی حالات میں مؤثر طریقے سے کام کرنے کی تربیت فراہم کی جا سکے۔

سعید احمد نے مزید کہا کہ سال 2024 میں ریسکیو 1122 جہلم نے عوامی خدمت کے میدان میں نمایاں کام کیا اور یہ ادارہ محفوظ معاشرے کے قیام کے لیے اپنی خدمات میں مسلسل بہتری کی جانب گامزن ہے۔

Exit mobile version