وزیراعظم فیول ریلیف اسکیم پر ضلع جہلم میں مسلسل مانیٹرنگ جاری، اسسٹنٹ کمشنرز کے پیٹرول پمپس کے دورے

جہلم: وزیراعظم فیول ریلیف اسکیم پر ضلع جہلم میں مؤثر، شفاف اور بروقت عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی ہدایت پر ضلع کی تمام تحصیلوں میں پیٹرول پمپس کی مسلسل مانیٹرنگ کا سلسلہ جاری ہے۔
اس سلسلے میں متعلقہ اسسٹنٹ کمشنرز اپنی اپنی تحصیلوں میں مختلف پیٹرول پمپس کے دورے کر رہے ہیں اور وزیراعظم فیول ریلیف اسکیم کے تحت اہل شہریوں کو فراہم کیے جانے والے حکومتی ریلیف اور عوامی سہولت کے لیے کیے گئے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لے رہے ہیں۔
پیٹرول پمپس کے دوروں کے دوران اہل شہریوں کو رعایتی نرخوں پر پیٹرول کی فراہمی کے عمل، رجسٹریشن، ٹوکن کی تصدیق اور عوامی رہنمائی کے لیے موجود انتظامات کو چیک کیا جا رہا ہے۔ متعلقہ اسسٹنٹ کمشنرز اس امر کا بھی جائزہ لے رہے ہیں کہ اسکیم کے تحت اہل شہریوں کو مقررہ طریقہ کار کے مطابق ریلیف کی فراہمی میں کسی قسم کی رکاوٹ یا غیر ضروری تاخیر تو نہیں ہو رہی۔
انتظامیہ کی جانب سے پیٹرول پمپ مالکان اور انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وزیراعظم فیول ریلیف اسکیم کے تحت اہل شہریوں کو حکومتی ریلیف بلا رکاوٹ، شفاف اور مؤثر انداز میں فراہم کیا جائے۔ شہریوں کی رہنمائی کے مناسب انتظامات یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ اس بات کا بھی خیال رکھا جائے کہ کسی بھی اہل شہری کو رجسٹریشن، ٹوکن کی تصدیق یا رعایتی نرخوں پر پیٹرول کے حصول کے دوران غیر ضروری دشواری یا تاخیر کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی ہے کہ ضلع کی تمام تحصیلوں میں وزیراعظم فیول ریلیف اسکیم کی مؤثر نگرانی کا عمل مسلسل جاری رکھا جائے۔ انہوں نے اسسٹنٹ کمشنرز کو پیٹرول پمپس کے باقاعدگی سے دورے اور مانیٹرنگ جاری رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اسکیم کے طے شدہ طریقہ کار پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔
ڈپٹی کمشنر کی ہدایت کے مطابق انتظامی افسران کی جانب سے جاری مانیٹرنگ کا مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ حکومتی ریلیف بروقت، شفاف اور مؤثر انداز میں حقیقی طور پر اہل شہریوں تک پہنچے اور وزیراعظم فیول ریلیف اسکیم سے مستحق افراد کو مقررہ سہولت کے حصول میں کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔



