یومِ عاشور پر مثالی انتظامات؛ شہری و سماجی حلقوں کا ضلعی انتظامیہ اور تمام اداروں کو زبردست خراج تحسین

جہلم: یومِ عاشور کے موقع پر ضلع جہلم میں کیے گئے مثالی انتظامات پر شہر کی سماجی، رفاہی، فلاحی، شہری اور صحافتی تنظیموں کے عمائدین سمیت تمام مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر شفیق احمد چوہدری، ضلعی انتظامیہ، ریسکیو 1122، میونسپل کمیٹی، محکمہ صحت، ستھرا پنجاب، واسا اور دیگر تمام سرکاری محکموں کے افسران و ملازمین کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
شہری رہنماؤں نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ شدید گرمی، حبس اور انتہائی نامساعد موسمی حالات کے باوجود تمام متعلقہ اداروں کے افسران اور اہلکاروں نے جس جانفشانی، فرض شناسی اور جذبۂ خدمت کے ساتھ دن بھر اپنے فرائض انجام دیے، وہ قابلِ تحسین اور دیگر اضلاع کے لیے ایک مثالی نمونہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ عزاداروں کی سہولت، فول پروف سیکیورٹی، مؤثر ٹریفک مینجمنٹ، صفائی ستھرائی، طبی امداد، پینے کے صاف پانی اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام متعلقہ اداروں نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا، جس کے باعث یومِ عاشور کے تمام پروگرام پُرامن اور منظم انداز میں اختتام پذیر ہوئے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ بین المسالک ہم آہنگی، امن و امان کے قیام اور عزاداری کے پُرامن انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ، پولیس، ریسکیو 1122، بلدیاتی اداروں اور دیگر متعلقہ محکموں کی مربوط حکمت عملی، باہمی رابطہ کاری اور انتھک محنت کے نتیجے میں ضلع جہلم میں بھائی چارے، رواداری، نظم و ضبط اور مذہبی ہم آہنگی کی ایک روشن مثال قائم ہوئی۔
شہری، سماجی اور صحافتی تنظیموں کے نمائندوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ مستقبل میں بھی ضلعی انتظامیہ اور تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر امن، یکجہتی، باہمی احترام اور سماجی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرتے رہیں گے۔



