سوہاوہ: ڈومیلی پولیس کی بڑی کارروائی، 14 سالہ ذہنی معذور بچی کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے اور واقعہ کی ویڈیو بنانے والے 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل سوہاوہ میں تھانہ ڈومیلی کے علاقہ میں 14 سالہ کمسن ذہنی معذور بچی (س) سے مبینہ زیادتی کے افسوسناک واقعہ میں پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا اور مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔
پولیس کے مطابق متاثرہ بچی کے دادا کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا، جس میں نامزد ملزمان رمضان اور تیمور پر الزام ہے کہ انہوں نے لڑکی کو بہلا پھسلا کر ایک خالی مکان میں لے جا کر زیادتی کا نشانہ بنایا۔ ایف آئی آر کے مطابق ملزمان میں سے ایک نے واقعہ کی ویڈیو بھی بنائی۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ڈومیلی پولیس نے فوری ایکشن لیتے ہوئے جدید تفتیشی طریقہ کار اور شواہد کی بنیاد پر دونوں ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔
ابتدائی میڈیکل رپورٹ کے مطابق متاثرہ بچی کے ساتھ زیادتی کے شواہد بھی سامنے آئے ہیں جبکہ پولیس کے مطابق ملزمان نے دورانِ تفتیش اعترافِ جرم بھی کیا ہے۔
پولیس کی جانب سے متاثرہ بچی کو فوری طبی امداد فراہم کی اور اس کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔
