جہلم میں گلی محلوں میں جانوروں کی فروخت پر مکمل پابندی عائد

جہلم: عیدالاضحی کے موقع پر شہر بھر میں گلی محلوں، چوک چوراہوں اور سڑکوں کے کنارے قربانی کے جانور باندھنے اور فروخت کرنے پر سخت پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
میونسپل کمیٹی کے چیف آفیسر کی جانب سے واضح ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ تمام مویشی مالکان اپنے جانوروں کی خرید و فروخت صرف مویشی منڈی میں کریں، بصورت دیگر قانون حرکت میں آئے گا اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف فوجداری مقدمات درج کیے جائیں گے۔
قوانین پر سختی سے عمل درآمد کرانے کے لیے چیف آفیسر میونسپل کمیٹی نے مختلف شفٹوں میں اسکواڈز تشکیل دے دیے ہیں جو شہر بھر میں مسلسل گشت کریں گے اور کسی بھی غیرقانونی سرگرمی کی فوری اطلاع پر کارروائی کریں گے۔
پہلے اسکواڈ کی قیادت انکروچمنٹ انسپکٹر عبدالرحمٰن ڈار کریں گے جبکہ ان کی ٹیم میں عرفان طارق، کاظم رضا، وقاص جمیل اور تصور حسین شامل ہیں۔ دوسری شفٹ کے انچارج انکروچمنٹ انسپکٹر ملک آفتاب عالم ہوں گے، ان کے ساتھ عرفان سلامت، محمد نواز، نثار احمد، وقاص جمیل اور تصدق حسین اپنی خدمات سرانجام دیں گے۔

اس کے علاوہ ایک خصوصی سکواڈ بھی تشکیل دیا گیا ہے جو صبح کے اوقات میں شہر میں گشت کرے گا۔ اس سکواڈ کی قیادت انکروچمنٹ انسپکٹر غلام قمر کر رہے ہیں جبکہ ٹیم میں واجد وسیم، عنصر محمود، عامر سجاد، خرم شہزاد، مہر منظور احمد، نبیل علی خالد اور عامر سجاد شامل ہیں۔ خصوصی سکواڈ کی دوسری شفٹ کے انچارج محمد قدیر ہوں گے، جن کے ہمراہ نوید رضا، عامر فتح، عثمان شہزاد، یاسر محمود، فیصل غوث، کامران حیدر اور طیب علی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔
مویشی منڈی کے انتظامات کے لیے بھی جامع منصوبہ بندی کی گئی ہے۔ فوجی ملز گراؤنڈ میں قائم مویشی منڈی میں پانی کی فراہمی اور صفائی ستھرائی کے لیے رانا محمد اشفاق بطور چیف سینیٹری انسپکٹر، منظر شاہ بطور سینیٹری سپروائزر، اور وسیم الفت بطور چوکیدار خدمات انجام دیں گے۔
یہ تمام اسکواڈز اور متعلقہ عملہ گزشتہ روز سے اپنی ڈیوٹیاں سنبھال چکے ہیں اور عیدالاضحی تک تواتر کے ساتھ اپنی خدمات جاری رکھیں گے تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے اور شہر میں نظم و ضبط برقرار رکھا جا سکے۔



