پنڈدادنخان مسائلستان کا گڑھ بن گیا، تاجر برادری عاجز آچکی ہے۔ چوہدری زبیر جمیل

پنڈدادنخان: وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن ’’خوبصورت پنجاب‘‘ کے تحت پنڈدادنخان شہر میں جاری بیوٹیفکیشن پراجیکٹ تکمیلی مراحل میں پہنچ چکا ہے، تاہم منصوبے کے دوران شہر کے مرکزی داخلی راستے پر گیٹ نصب کیے جانے اور لنک روڈز پر رکاوٹی پلرز لگائے جانے پر مقامی تاجروں اور شہریوں کی جانب سے تحفظات کا اظہار کیا گیا ہے۔

تاجروں کے مطابق شہر کے مرکزی داخلی راستے پر گیٹ کی تنصیب اور مختلف لنک روڈز پر رکاوٹوں کے باعث آمدورفت متاثر ہو رہی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ شہر میں مناسب پارکنگ کی سہولت نہ ہونے کے باعث بھی خریدار بازاروں کا رخ کرنے سے گریز کر رہے ہیں، جس سے کاروباری سرگرمیوں پر منفی اثر پڑ رہا ہے۔

صدر مرکزی انجمن تاجران پنڈدادنخان چوہدری زبیر جمیل نے اپنے بیان میں کہا کہ مقامی تاجروں کے مسائل کم ہونے کے بجائے روز بروز بڑھ رہے ہیں۔ ان کے مطابق بیوٹیفکیشن منصوبے کے آغاز کے وقت شہر میں پارکنگ کے لیے مناسب جگہ کا تعین نہیں کیا گیا، جبکہ قدیمی غلہ منڈی تک بیرونِ شہر سے آنے والی اجناس اور کریانہ سمیت دیگر تجارتی سامان کی ترسیل کے لیے بھی مناسب راستہ مختص نہیں کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ کاروباری مندی کے باعث تاجر برادری شدید مشکلات کا شکار ہے۔ ایک طرف مہنگائی اور دوسری جانب یوٹیلٹی بلوں کے بڑھتے ہوئے بوجھ نے تاجروں کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کاروباری سرگرمیاں متاثر ہونے سے تاجر اس حد تک پریشان ہیں کہ کاروبار بند کرکے دوسرے شہروں کا رخ کرنے جیسے خیالات بھی زیرِ غور آنے لگے ہیں۔

چوہدری زبیر جمیل نے مطالبہ کیا کہ مقامی انتظامیہ تاجر برادری سے مشاورت کرکے شہر کے مرکزی داخلی راستے پر نصب گیٹ کے کھلنے اور بند ہونے کے اوقات مقرر کرے تاکہ لاہور، فیصل آباد اور دیگر شہروں سے آنے والے غذائی اجناس، سبزی، کریانہ، کپڑے اور دیگر تجارتی سامان سے لدی گاڑیوں کو دکانوں یا غلہ منڈی تک پہنچانے کے لیے گڈز ٹرانسپورٹ ایجنسیوں کو مناسب اوقات سے آگاہ کیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ ایک جانب شہر کے مرکزی داخلی راستے پر گیٹ لگا کر آمدورفت محدود کی گئی ہے جبکہ دوسری جانب شہر کے ایک حصے کو کھلا چھوڑ دیا گیا ہے۔ ان کے مطابق بہتر حکمتِ عملی یہ ہوتی کہ ترقیاتی منصوبہ مکمل ہونے کے بعد گیٹ نصب کیا جاتا تاکہ شہریوں اور تاجروں کو عارضی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑتا۔

صدر مرکزی انجمن تاجران نے شہر میں پانی کی فراہمی کے مسئلے کی جانب بھی توجہ مبذول کراتے ہوئے کہا کہ پہلے شہریوں کو مبینہ طور پر گندے پانی کی فراہمی کا مسئلہ درپیش تھا، جس پر سوشل اور الیکٹرانک میڈیا کے ذریعے عوامی ردعمل سامنے آیا۔ ان کے مطابق اب گزشتہ دو روز سے بعض علاقوں میں پانی کی فراہمی مکمل طور پر بند ہونے کی شکایات ہیں، جس سے شہری شدید پریشانی کا شکار ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ بارش کی صورت میں شہر کو نکاسیٔ آب کے مسائل کا بھی سامنا رہتا ہے، جس کے باعث شہری مختلف بنیادی مسائل میں گھرے ہوئے ہیں۔

چوہدری زبیر جمیل نے ڈپٹی کمشنر جہلم اور اسسٹنٹ کمشنر پنڈدادنخان سے اپیل کی کہ تاجروں اور شہریوں کے مسائل کا فوری نوٹس لیا جائے، بیوٹیفکیشن منصوبے کے دوران آمدورفت، پارکنگ اور تجارتی سامان کی ترسیل کے لیے مؤثر انتظام کیا جائے، جبکہ پانی کی فراہمی اور نکاسیٔ آب کے مسائل بھی ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں۔

Exit mobile version