جہلم: ضلع بھر میں ادویات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ، شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق جہلم شہر سمیت ضلع بھر میں میڈیکل سٹورز مالکان کی جانب سے ادویات کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، جس نے مریضوں اور ان کے لواحقین کو شدید پریشانی میں مبتلا کر دیا ہے۔ مختلف میڈیکل سٹورز پر ایک ہی دوا کے مختلف نرخ وصول کیے جا رہے ہیں جبکہ جعلی اور اصل (نمبر 1 اور نمبر 2) ادویات میں تمیز کرنا بھی عام شہری کے لیے مشکل ہو گیا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ جب وہ دوا کی قیمت کا بل طلب کرتے ہیں تو میڈیکل سٹورز پر موجود افراد انہیں خوار کرتے ہیں اور بدتمیزی تک کی جاتی ہے۔ عوامی حلقوں نے شکایت کی ہے کہ محکمہ صحت اور متعلقہ حکومتی اداروں کی عدم دلچسپی اور غفلت کے باعث میڈیسن کمپنیاں اور میڈیکل سٹور مالکان من مانی قیمتیں وصول کر رہے ہیں۔
شہریوں نے نشاندہی کی ہے کہ مہنگی دوا کی خریداری غریب اور سفید پوش طبقے کے لیے ناقابل برداشت ہو چکی ہے، جس کے باعث نہ صرف علاج رک گیا ہے بلکہ کئی مریض زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا ہیں۔
انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت فوری طور پر ادویات کی قیمتوں میں کمی کرے اور میڈیکل سٹورز پر ریٹ لسٹ آویزاں کرنے کو لازمی بنائے، تاکہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
مزید برآں، شہریوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ جعلی ادویات کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں اور قیمتوں میں بلاجواز اضافے کا نوٹس لیا جائے، تاکہ عوام کو بہتر طبی سہولیات میسر آ سکیں۔
