جہلم میں ضلعی انتظامیہ کا قبضہ مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن، درجنوں غیر قانونی قبضے ختم

37

جہلم: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ڈی آر سی پروگرام اور ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی خصوصی ہدایت کے تحت ضلع بھر میں قبضہ مافیا کے خلاف سخت کارروائی کی گئی ہے۔ ضلعی انتظامیہ نے شہریوں کی شکایات پر فوری عملدرآمد یقینی بناتے ہوئے متعدد غیر قانونی قبضے واگزار کروائے اور زمینوں کو ان کے اصل مالکان کے حوالے کیا۔

ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے شہریوں کی شکایات کا فوری نوٹس لیتے ہوئے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو واضح اور سخت احکامات جاری کیے کہ عوامی اور نجی زمینوں پر کیے گئے ہر غیر قانونی قبضے کو بلا تاخیر ختم کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع جہلم میں کسی بھی طاقتور گروہ کو قانون ہاتھ میں لینے اور عوام کی زمینوں پر قبضہ کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔

قبضہ مافیا کے خلاف کیے گئے آپریشن کے دوران اسسٹنٹ کمشنرز کی ٹیموں نے متعدد مقامات پر کارروائیاں کیں اور شہریوں کی شکایات پر درجنوں زمینوں سے قبضے ختم کر کے انہیں قانونی مالکان کے حوالے کر دیا۔ اس کارروائی سے نہ صرف قبضہ مافیا کے عزائم ناکام ہوئے بلکہ قانون کی بالادستی کو بھی یقینی بنایا گیا۔

ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن نے عزم کا اظہار کیا کہ شہریوں کی املاک اور اراضی کو تحفظ فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور یہ کارروائیاں وزیر اعلیٰ پنجاب کے وژن کے تحت بلا امتیاز جاری رہیں گی تاکہ ضلع جہلم میں ہر شہری اپنے قانونی حقوق کے تحفظ کے لیے مطمئن رہ سکے۔

Exit mobile version