سوہاوہ میں گھریلو تنازعہ پر نوجوان نے خود کو گولی مار لی

سوہاوہ میں نوجوان نے گھریلو تنازعہ پر دلبرداشتہ ہو کر خود کو گولی مار لی، نوجوان کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق جہلم کی تحصیل سوہاوہ کے نواحی علاقے میں گھریلو تنازعہ کے باعث دل برداشتہ ہو کر ایک نوجوان نے تالاب کے قریب اپنے دل کے پاس خود کو گولی مار لی۔ فائر کی آواز سنتے ہی مقامی افراد موقع پر پہنچ گئے اور فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی جبکہ نوجوان کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
اطلاع ملتے ہی تھانہ سوہاوہ کے ایس ایچ او زاہد رضا فوری طور پر ہسپتال پہنچے، جہاں مضروب نوجوان امان ولد افتخار مغل بے ہوشی کی حالت میں زیر علاج تھا۔ ابتدائی طبی امداد کے بعد نوجوان کی حالت تشویشناک ہونے پر اسے راولپنڈی ریفر کر دیا گیا۔
ایس ایچ او نے موقع پر پہنچ کر جائے وقوعہ کا تفصیلی معائنہ کیا اور ہیومن سورسز کو بروئے کار لاتے ہوئے چند ہی گھنٹوں میں واقعے کی مکمل کڑیاں جوڑ دیں۔ ابتدائی تفتیش میں یہ بات سامنے آئی کہ نوجوان نے اپنے بھائیوں، سوتیلی بہن اور بھابھی کے ساتھ گھریلو جھگڑے کے باعث شدید ذہنی دباؤ میں آ کر خودکشی کی کوشش کی۔
پولیس کے مطابق گزشتہ شب ہوش میں آنے کے بعد مضروب کا باقاعدہ بیان ریکارڈ کر لیا گیا، جس میں اس نے تفتیش کے دوران سامنے آنے والے تمام حقائق کی تصدیق کی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ بظاہر گھریلو تنازعہ کا نتیجہ ہے، تاہم قانونی تقاضوں کے مطابق کارروائی جاری ہے۔



