عیدالفطر کے موقع پر محفوظ سفر کیلئے موٹروے پولیس نے خصوصی ایکشن پلان ترتیب دے دیا

جہلم: آئی جی موٹروے پولیس رفعت مختار راجہ کی ہدایات پر نیشنل ہائی وے اینڈ موٹروے پولیس کے سیکٹر کمانڈر ایس ایس پی ظفر اقبال ملک نے عیدالفطر کے موقع پر مسافروں کے محفوظ سفر کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی ایکشن پلان ترتیب دیا ہے۔
عید کے دوران ٹریفک کی غیر معمولی دباؤ، اوور سپیڈنگ، لین کی خلاف ورزی، اوور لوڈنگ اور زائد کرایہ وصولی جیسے مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے پولیس نے سخت کریک ڈاؤن شروع کر دیا ہے۔
عید کے موقع پر نیشنل ہائی وے اور موٹروے پر رش میں اضافہ ہونے کے پیش نظر، تمام فیلڈ فارمیشنز کو الرٹ رہنے اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے خصوصی ہدایات دی گئی ہیں۔
مسافر بردار گاڑیوں میں زائد کرایہ وصولی اور اوورلوڈنگ کی روک تھام کے لیے ٹرانسپورٹرز اور گاڑیوں کے عملے کو آگاہی فراہم کی جا چکی ہے۔ مزید یہ کہ موٹروے پولیس مسافروں سے زائد کرایہ وصولی کے بارے میں پوچھ گچھ بھی کر رہی ہے۔
عید کے دنوں میں جرائم پیشہ عناصر کی سرگرمیوں کو روکنے کے لیے موٹروے پولیس نے مقامی پولیس کے ساتھ مل کر خصوصی سکواڈ تشکیل دیے ہیں۔
عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ عید کے دوران سفر کی منصوبہ بندی پہلے سے کریں، جلد بازی سے گریز کریں اور ٹریفک قوانین کی مکمل پاسداری کرتے ہوئے ایک ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں۔ کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں یا زائد کرایہ وصولی کے بارے میں موٹروے پولیس کی ہیلپ لائن 130 پر رابطہ کریں۔



