جہلم: یومِ عاشورہ کے موقع پر شہریوں کی جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے، بلال اظہر کیانی

جہلم: وزیرِ مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی نے حمزہ اظہر کیانی، ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر شفیق احمد چوہدری کے ہمراہ سیف سٹی اتھارٹی کنٹرول روم جہلم کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے یومِ عاشورہ کے موقع پر نکالے جانے والے جلوسوں کی لائیو مانیٹرنگ، سیکیورٹی انتظامات اور امن و امان کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا۔

دورے کے دوران ضلعی انتظامیہ اور سیف سٹی حکام نے وزیرِ مملکت کو جدید مانیٹرنگ سسٹم، جلوسوں کی لائیو نگرانی، ٹریفک مینجمنٹ، حساس مقامات کی مانیٹرنگ اور امن و امان برقرار رکھنے کے لیے کیے گئے انتظامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر انہیں QR Panic Buttons اور 4G سرویلنس کیمروں کی تنصیب، افادیت اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے سیکیورٹی کو مزید مؤثر بنانے کے اقدامات سے بھی آگاہ کیا گیا۔

وزیرِ مملکت نے یومِ عاشورہ کے جلوسوں کے داخلی و خارجی راستوں، مختلف حساس مقامات، سی سی ٹی وی مانیٹرنگ اور مجموعی سیکیورٹی پلان کا بھی معائنہ کیا اور کیے گئے انتظامات کو سراہا۔

اس موقع پر بلال اظہر کیانی نے کہا کہ یومِ عاشورہ کے موقع پر شہریوں کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور تمام متعلقہ ادارے باہمی تعاون، مؤثر رابطہ کاری اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کے ذریعے امن و امان، مذہبی ہم آہنگی اور عوامی سہولت کو یقینی بنانے کے لیے بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس سال ضلع جہلم کی امام بارگاہوں کی انتظامیہ بھی سیکیورٹی انتظامات پر بھرپور اطمینان اور اعتماد کا اظہار کر رہی ہے، جو ضلعی انتظامیہ، پولیس اور سیف سٹی کی مشترکہ کاوشوں کا ثمر ہے۔

وزیرِ مملکت نے ضلعی انتظامیہ، جہلم پولیس، ریسکیو 1122، سیف سٹی اتھارٹی اور دیگر متعلقہ اداروں کی پیشہ ورانہ خدمات کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ باہمی ہم آہنگی، مؤثر حکمت عملی اور جدید مانیٹرنگ سسٹم کی بدولت یومِ عاشورہ کے تمام جلوس اور مجالس پرامن ماحول میں اختتام پذیر ہوں گے۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ سیف سٹی جہلم جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے عوام کے جان و مال کے تحفظ، جرائم کی روک تھام اور مؤثر سیکیورٹی کی فراہمی کے لیے آئندہ بھی بھرپور کردار ادا کرتا رہے گا۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button