پڑی درویزہ/ سوہاوہ: کمیونٹی ہیلتھ انسپکٹر کی بھرتی میں پاکستان نیشنل کونسل (PNC) کی رجسٹریشن کی شرط کے باعث درخواست دہندگان کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے نام سے سوشل میڈیا پر ایک اشتہار شائع کیا گیا ہے، جس میں پنجاب بھر میں کمیونٹی ہیلتھ انسپکٹرز کی بھرتی کا اعلان کیا گیا ہے۔ ان آسامیوں میں انچارج نرس، لیڈی ہیلتھ وزیٹر اور مڈ وائف کے عہدے شامل ہیں، جبکہ ماہانہ اجرت 50 ہزار روپے درج کی گئی ہے۔
تاہم جب درخواست گزار آن لائن رجسٹریشن کے لیے ویب پورٹل پر جاتے ہیں، تو پروفائل مکمل کرتے وقت PNC نمبر، رجسٹریشن کی تاریخِ اجراء اور تاریخِ اختتام کے اندراج کی شرط عائد کی گئی ہے، جس کے باعث بیشتر امیدوار لاگ ان مکمل کرنے سے قاصر ہیں۔ اس شرط کے باعث خاص طور پر وہ خواتین متاثر ہو رہی ہیں جو بیالوجی کے ساتھ انٹرمیڈیٹ یا گریجویٹ ہیں، مگر پاکستان نرسنگ کونسل سے تربیت یافتہ نہیں۔
متاثرہ امیدواروں نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز سے اپیل کی ہے کہ وہ اس معاملے کا نوٹس لیں، کیونکہ صوبے میں پاکستان نرسنگ کونسل سے تربیت یافتہ خواتین کی تعداد محدود ہے۔ مزید برآں اشتہار میں یہ بھی درج تھا کہ تجربہ کار اور ناتجربہ کار دونوں امیدوار اہل ہوں گے، لیکن PNC رجسٹریشن کی شرط نے بہت سی خواتین کے لیے درخواست دینے کو ناممکن بنا دیا ہے۔
درخواست دہندگان کا مطالبہ ہے کہ PNC رجسٹریشن کی شرط ختم کی جائے تاکہ بیالوجی میں انٹرمیڈیٹ یا گریجویٹ خواتین بھی ملازمت حاصل کر سکیں اور صوبے کی ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔
