جہلم میں 8 سالہ بچے سے مبینہ جنسی زیادتی، ملزم قلیل وقت میں گرفتار

جہلم: تھانہ صدر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 8 سالہ بچے کو مبینہ طور پر جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے والے ملزم کو قلیل وقت میں گرفتار کرلیا۔

ترجمان کے مطابق ایس ایچ او تھانہ صدر اور پولیس ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے بچے سے مبینہ جنسی زیادتی کے الزام میں ملزم کو گرفتار کیا۔ پولیس حکام کے مطابق گرفتار ملزم سے واقعے کے حوالے سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے اور مقدمے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم کے خلاف تفتیش مکمل کرکے اسے ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان عدالت کیا جائے گا اور قانون کے مطابق قرار واقعی سزا دلوانے کے لیے تمام قانونی تقاضے پورے کیے جائیں گے۔

ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری نے کہا کہ بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی جیسے سنگین جرائم میں ملوث ملزمان کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور متاثرہ بچے کو انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ جہلم پولیس شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے ساتھ ساتھ کم عمر بچوں اور دیگر کمزور طبقات کے تحفظ کو بھی خصوصی اہمیت دیتی ہے، جبکہ سنگین جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔

↑
Exit mobile version