پڑی درویزہ: جہلم میں منعقدہ مغلیہ فیملی کنونشن میں تحریک ترقی و فلاح کمیٹی پڑی درویزہ کے وفد نے بھرپور شرکت کی اور گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان کو علاقائی مسائل کے حل کے لیے تحریری درخواستیں پیش کیں۔
کنونشن کا انعقاد تنظیم مغلیہ جہلم کے زیر اہتمام ایک مقامی شادی ہال میں کیا گیا، جس کی صدارت میاں نعیم بشیر مغل نے کی، جبکہ مہمانِ خصوصی گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان تھے۔
پڑی درویزہ سے شاہد محمود مغل کی قیادت میں تحریک ترقی و فلاح کمیٹی کے وفد نے بھرپور شرکت کرتے ہوئے اپنے علاقے کے دیرینہ مسائل گورنر پنجاب کے سامنے رکھے۔
تحصیل سوہاوہ سے تنظیم کے مرزا عبدالغفار نے خطبۂ استقبالیہ پیش کیا، جس میں انہوں نے تحصیل سوہاوہ میں سوئی گیس کی فراہمی اور این ایچ اے ٹول پلازہ ترقی سوہاوہ سے مقامی ٹرانسپورٹرز کو ٹیکس سے استثنا دینے کا مطالبہ کیا۔
اس موقع پر انہوں نے 64 سال سے قائم کیپٹن عطا اللہ خان ڈسٹرکٹ کونسل سول ڈسپنسری، پڑی درویزہ کی فوری اپ گریڈیشن بطور کیپٹن عطا اللہ خان بی ایچ یو پڑی درویزہ کا مطالبہ بھی پیش کیا۔
شاہد محمود مغل، پروفیسر افتخار محمود اور دیگر نمائندگان نے علاقے کے اہم عوامی مسائل پر مشتمل تین تحریری درخواستیں گورنر پنجاب کو پیش کیں۔ ان درخواستوں میں کیپٹن عطاء اللہ خان سول ڈسپنسری کی اپ گریڈیشن، گزشتہ 20 سال سے بند واٹر سپلائی اسکیم کی بحالی اور پڑی درویزہ کی گلیوں کی تعمیر نو شامل تھے۔
گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے وفد کی بات کو غور سے سنا اور مسائل کے حل کی یقین دہانی کروائی۔ تقریب میں ضلع بھر سے مغلیہ برادری کے افراد نے شرکت کی اور اپنے اپنے علاقوں کے مسائل اجاگر کیے۔
