جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر ضلع بھر میں صفائی ستھرائی کے مثالی انتظامات کو یقینی بنانے میں ضلعی انتظامیہ اور میڈیا نمائندگان کے درمیان بہترین رابطے اور تعاون کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ عید جیسے بڑے اور چیلنجنگ موقع پر شہر کو صاف ستھرا رکھنا ایک مشکل مرحلہ تھا، جو تمام اداروں کی مشترکہ کاوشوں سے کامیابی سے مکمل کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی شبانہ روز محنت اور میڈیا برادری کے مثبت تعاون کے باعث عیدالاضحیٰ کے دوران صفائی آپریشن مؤثر انداز میں جاری رہا اور شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کیا جا سکا۔
ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن نے ضلع جہلم کے صحافیوں کے کردار کو خصوصی طور پر سراہتے ہوئے کہا کہ میڈیا نے نہ صرف صفائی مہم کی بھرپور اور مؤثر کوریج کی بلکہ شہریوں میں قربانی کے جانوروں کی آلائشوں کو مقررہ مقامات پر ٹھکانے لگانے کے حوالے سے شعور بیدار کرنے میں بھی اہم کردار ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ جہلم کے صحافیوں نے ہمیشہ ذمہ دارانہ صحافت کا مظاہرہ کیا ہے اور انتظامیہ کی کمزوریوں کی بروقت نشاندہی کے ساتھ ساتھ عوامی فلاح کے لیے کیے جانے والے مثبت اقدامات کو بھی اجاگر کیا ہے، جو قابلِ تحسین ہے۔
میر رضا اوزگن کا کہنا تھا کہ میڈیا اور ضلعی انتظامیہ کے درمیان موجود یہ باہمی تعاون شہر کی ترقی، صفائی اور عوامی خدمت کے لیے ایک بہترین مثال ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی صحافتی برادری ضلع جہلم کی بہتری، خوبصورتی اور عوامی مسائل کے حل کے لیے اپنا مثبت اور تعمیری کردار جاری رکھے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ عوامی فلاح اور شہری سہولیات کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے تمام متعلقہ ادارے، میڈیا اور شہریوں کا تعاون انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔
