ریونیو معاملات میں غیر ضروری تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی، اسسٹنٹ کمشنر ساجدہ رزاق

دینہ: تحصیل دینہ میں ریونیو امور، زیرِ التوا معاملات، سرکاری واجبات کی وصولی، ریکارڈ کی تکمیل اور شہریوں کو بروقت ریونیو خدمات کی فراہمی کا جائزہ لینے کے لیے اسسٹنٹ کمشنر دینہ ساجدہ رزاق کی زیرِ صدارت اسسٹنٹ کمشنر آفس دینہ میں اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں متعلقہ ریونیو افسران اور اہلکاروں نے شرکت کی۔ اس موقع پر تحصیل دینہ میں ریونیو معاملات، زیرِ التوا کیسز، سرکاری ریکارڈ، جاری کارروائیوں، سرکاری واجبات کی وصولی اور عوامی درخواستوں پر ہونے والی پیش رفت کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

اسسٹنٹ کمشنر ساجدہ رزاق نے متعلقہ افسران سے مختلف امور پر تفصیلات دریافت کیں اور ضروری ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے کہا کہ ریونیو سے متعلق معاملات کو مقررہ قواعد و ضوابط کے مطابق شفاف اور موثر انداز میں نمٹایا جائے۔

انہوں نے زیرِ التوا امور کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے، سرکاری ریکارڈ کی درستگی برقرار رکھنے اور واجبات کی وصولی کے عمل کو مؤثر بنانے کی ہدایت کی۔ اسسٹنٹ کمشنر نے عوامی درخواستوں کا بروقت ازالہ کرنے اور شہریوں کو ریونیو سے متعلق خدمات کی بہتر اور آسان فراہمی یقینی بنانے پر بھی زور دیا۔

انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ ریونیو امور میں غیر ضروری تاخیر سے گریز کیا جائے اور شہریوں کو مقررہ طریقہ کار کے مطابق بروقت سہولیات فراہم کی جائیں۔

Exit mobile version