جہلم میں کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے 27 اکتوبر کو یوم سیاہ منایا گیا

جہلم: ضلعی انتظامیہ جہلم کے زیر اہتمام کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے 27 اکتوبر کو یوم سیاہ منایا گیا۔

تفصیلات کے مطابق یوم سیاہ کے موقع پر ضلعی انتظامیہ جہلم کے زیرِ اہتمام کشمیری عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے لیے ریلی نکالی گئی۔ ریلی کی قیادت اسسٹنٹ کمشنر جہلم عبداللہ غازی خان نے کی۔

ریلی ڈپٹی کمشنر آفس جہلم سے شروع ہو کر وائی کراس تک نکالی گئی، جس کا مقصد مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم کی مذمت، کشمیری عوام کی جدوجہد کو خراجِ تحسین پیش کرنا اور ان کے حقِ خودارادیت کی حمایت کا اعادہ کرنا تھا۔

ریلی میں ضلعی انتظامیہ کے افسران و اہلکاروں، ریسکیو 1122، سول ڈیفنس، محکمہ اسکول ایجوکیشن، محکمہ صحت اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے شرکت کی۔ شرکاء نے کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ان کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستانی قوم اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ مضبوطی سے کھڑی ہے۔

اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر جہلم عبداللہ غازی خان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت ناگزیر ہے۔ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم کے خاتمے کے لیے عالمی برادری کی توجہ اور مؤثر کردار کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کے بنیادی حقوق کا تحفظ اور ان کی جائز جدوجہد کی حمایت اہمیت کی حامل ہے۔ عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے لیے اپنا کردار ادا کرے اور کشمیری عوام کو ان کے حقِ خودارادیت کی فراہمی کے لیے مؤثر اقدامات کرے۔

ضلعی انتظامیہ جہلم کے زیرِ اہتمام اس ریلی کے ذریعے کشمیری عوام کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی اور ان کے حقِ خودارادیت کی حمایت کا پیغام دیا گیا۔ شرکاء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کشمیری عوام کی جدوجہد کو اجاگر کرنے اور مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کی حمایت جاری رکھی جائے گی۔

↑
Exit mobile version