جہلم پولیس کے ضلع بھر میں سرچ آپریشنز، 421 افراد اور 163 گھروں کی چیکنگ، افغان شہری سمیت متعدد ملزمان گرفتار

جہلم پولیس نے ضلع بھر میں سرچ آپریشنز کے دوران 421 افراد اور 163 گھروں کی چیکنگ کرتے ہوئے افغان شہری سمیت متعدد ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

ترجمان جہلم پولیس کے مطابق ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری کی ہدایت پر ضلع بھر میں جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی اور امن و امان کے قیام کے لیے سرچ آپریشنز کا سلسلہ جاری ہے۔ ضلع بھر میں 11 مختلف مقامات پر کیے گئے سرچ آپریشنز کے دوران 421 افراد، 163 گھروں اور 25 ہوٹلز و بس اسٹینڈز کی چیکنگ کی گئی۔

ترجمان کے مطابق سرچ آپریشنز کے دوران تھانہ صدر جہلم، تھانہ سٹی جہلم اور تھانہ دینہ کے علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے دو اشتہاری مجرمان، ناجائز اسلحہ رکھنے کے الزام میں ایک ملزم، ایک منشیات فروش اور غیر قانونی طور پر مقیم ایک افغان شہری کو گرفتار کیا گیا۔

پولیس کے مطابق کارروائیوں کے دوران ملزمان کے قبضے سے ایک عدد 30 بور پستول اور ایک کلو 80 گرام آئس برآمد کی گئی۔ گرفتار افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔

ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے اردگرد کے ماحول پر کڑی نظر رکھیں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی یا جرائم میں ملوث عناصر کے بارے میں فوری طور پر پولیس کو اطلاع دیں۔

انہوں نے کہا کہ بروقت اطلاع کسی بڑے جرم کی روک تھام اور معاشرے میں امن و امان برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔ شہری کسی مشکوک سرگرمی یا قانون کی خلاف ورزی کی اطلاع اپنے قریبی تھانے یا پولیس ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر دے سکتے ہیں۔

ڈی پی او جہلم کے مطابق شہریوں کی جان و مال کا تحفظ اور امن و امان کا قیام پولیس کی اولین ترجیح ہے، جبکہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔

↑
Exit mobile version