گورنمنٹ گریجویٹ کالج جہلم میں ووٹر آگاہی سیمینار، طلبہ کو ووٹ کے اندراج اور انتخابی عمل سے متعلق بریفنگ

جہلم: الیکشن کمیشن آف پاکستان کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں ڈسٹرکٹ ووٹر ایجوکیشن کمیٹی کے تعاون سے گورنمنٹ گریجویٹ کالج جہلم میں طلبہ کے لیے ایک اہم ووٹر آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔
پروگرام کا بنیادی مقصد نوجوان ووٹرز کو انتخابی عمل میں شامل کرنا اور انہیں ووٹ کی قانونی و قومی اہمیت سے آگاہ کرنا تھا۔ سیمینار میں کالج کے طلبہ و طالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور انتخابی عمل کے حوالے سے گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔
اس موقع پر اسسٹنٹ الیکشن کمشنر جہلم محمد علی رانا نے شرکاء کو ووٹ کے اندراج، حلقہ تبدیلی یا اخراج اور پولنگ کے دن ووٹ کے درست استعمال کے طریقۂ کار پر تفصیلی بریفنگ دی۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ نوجوان نسل کی فعال شمولیت ملک کے مستحکم جمہوری مستقبل کے لیے ناگزیر ہے۔ بعد ازاں ڈسٹرکٹ ووٹر ایجوکیشن کمیٹی ضلع جہلم کے نمائندوں نے بھی اظہارِ خیال کرتے ہوئے تعلیمی اداروں میں اس نوعیت کی آگاہی مہمات کے تسلسل پر زور دیا۔
سیمینار کے اختتام پر طلبہ نے سوال و جواب کے سیشن میں بھرپور حصہ لیا اور انتخابی عمل سے متعلق رہنمائی کو سراہا جبکہ منتظمین نے ایسے پروگرامز کو آئندہ بھی جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔



