جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے اوپن ڈور پالیسی کے تحت شہریوں کے مسائل سننے کے لیے عوامی شکایات کی براہِ راست سماعت کی، جس میں سائلین کو بلاواسطہ رسائی فراہم کرتے ہوئے درخواستوں کی بروقت سماعت کو یقینی بنایا گیا۔
سماعت کے دوران مختلف نوعیت کی درخواستیں اور شکایات پیش کی گئیں، جن کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، جبکہ ہر کیس کو باقاعدہ اندراج کے ساتھ متعلقہ محکموں کو ارسال کیا گیا تاکہ مؤثر فالو اپ کو یقینی بنایا جا سکے۔
ڈپٹی کمشنر نے موقع پر ہی متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کرتے ہوئے واضح کیا کہ عوامی مسائل کے حل میں کسی قسم کی تاخیر یا غفلت برداشت نہیں کی جائے گی اور سائلین کو فوری اور مؤثر ریلیف فراہم کیا جائے۔
انہوں نے سائلین کی آسان رسائی، ادارہ جاتی شفافیت اور میرٹ پر مبنی فیصلوں کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ عوامی فلاح، جوابدہی اور مؤثر طرزِ حکمرانی کے فروغ کے لیے مسلسل متحرک ہے۔
