ڈپٹی کمشنر جہلم کا سول ہسپتال کا دورہ، طبی سہولیات کی فراہمی مزید بہتر بنانے کی ہدایت

جہلم: ڈپٹی کمشنر میثم عباس کا ڈی ایچ کیو ہسپتال کا دورہ، مریضوں کو معیاری سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کیں۔
تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر میثم عباس نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر (ڈی ایچ کیو) ہسپتال جہلم کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس دوران انہوں نے ہسپتال کی مختلف وارڈز کا معائنہ کیا اور مریضوں سے ملاقات کر کے طبی سہولیات کے معیار اور ان کے مسائل کے بارے میں دریافت کیا۔
ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ تمام مریضوں کو بلا تفریق اعلیٰ معیار کی سہولیات فراہم کی جائیں اور ہسپتال کے اندر تمام ضروری علاج اور ٹیسٹ کی دستیابی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مریضوں کو غیر ضروری طور پر ہسپتال سے باہر نہ بھیجا جائے اور علاج معالجے کے دوران ان کی مشکلات کو کم سے کم کیا جائے۔
ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال کی صفائی اور دیگر انتظامی امور کا بھی جائزہ لیا اور ہسپتال عملے کو شہریوں کی بہتر خدمت کے لیے مزید اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔



