پنڈدادنخان: تھانہ جلالپور شریف میں نکے منشی اور ٹاؤٹ مافیا کا راج، نکے منشی نے ہر جائزکام کیلئے کرپشن کے ریٹ مقررکر دیے، عام سائل تھانہ میں انصاف کیلئے آتے ہوئے گھبرانے لگے۔
تفصیلات کے مطابق تھانہ جلالپور شریف میں نکے منشی کا ٹاؤٹ مافیاء کے ساتھ گٹھ جوڑ ہے اور روزانہ کی بنیاد پر ٹاؤ ٹ مافیا گاہکوں کو گھیر کر تھانہ جلالپور شریف سے ہر جائز و ناجائز کام سر عام نکے منشی کو رشوت دیکر کرواتے ہیں جس سے عام اور شریف شہری تھانہ جلالپور شریف جانے سے کتراتے اور ڈرنے لگے ہیں کہ کہیں ان سفید پوش ٹاؤ ٹ مافیاء اور نکے منشی کے ہاتھوں رشوت دیے بغیر ذلیل و رسوا نہ ہو جائیں کیونکہ ہر کام کیلئے کرپشن کے ریٹ مقرر ہیں ۔
انجمن تاجران جلالپور شریف کے انفارمیشن سیکرٹری نے انکشاف کیا ہے کہ تھانہ جلالپور شریف نے ایک ہفتہ پہلے چور گرفتار کیاجس نے بازار میں دکانداروں کو استریاں، چولہے اور کپڑے بیچے تھے جس پر دکانداروں سے مال برآمد بھی ہوا لیکن اْن دکانداروں سے ہزاروں روپے کی ڈیل کر کے نکے منشی نے چوری کا مال خریدنے والوں کوچھوڑ دیا۔
اسی طرح تھانہ جلالپور شریف کی حدود میں ناجائز اسلحہ، شراب، چرس اور قحبہ خانوں کے دھندے عروج پر ہیں کیونکہ ان قحبہ خانوں کی نائیکاؤں نے اپنے گینگ بنا رکھے ہیں جس سے وہ شریف اور عزت دار لوگوں کو جھوٹی درخواستوں کے ذریعے لوٹتی ہیں۔
کچھ عرصہ قبل پپلی گاؤ ں کی بدنام زمانہ عورتوں نے نکے منشی کے ساتھ مل کرایک شریف دکاندار پر جھوٹی درخواست دی جس کے بعد معاملہ لین دین کر کے فارغ کر دیا گیا جبکہ دوسری طرف بغیر کرایہ داری اندراج سے سینکڑوں کی تعداد میں لوگ تھانہ جلالپور شریف میں رہائش پذیر ہیں جس کی وجہ سے آئے روز چوری ، ڈکیتی اور راہزنی کی ورداتیں رونما ہوتی ہیں۔
سیاسی و سماجی حلقوں نے محکمہ پولیس کے اعلیٰ افسران آئی جی پنجاب ،آر پی او راولپنڈی اور ڈی پی او جہلم سے سخت نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
