کھیوڑہ روڈ پر ٹریکٹر ٹرالی اور موٹر سائیکل میں تصادم، دو نوجوان جاں بحق، ایک شدید زخمی

پنڈدادنخان میں کھیوڑہ روڈ پر تیز رفتار ٹریکٹر ٹرالی نے موٹر سائیکل سوار تین دوستوں کو کچل دیا۔ دو نوجوان جاں بحق جبکہ ایک شدید زخمی ہو گیا۔

تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل پنڈدادنخان میں کھیوڑہ روڈ پر بلوچ ریسٹورنٹ کے قریب ٹریکٹر ٹرالی اور موٹر سائیکل کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں دو نوجوان جاں بحق جبکہ ایک شدید زخمی ہو گیا۔ حادثے میں موٹر سائیکل پر سوار تین دوست ٹریکٹر ٹرالی کی زد میں آ گئے۔ ابتدائی طور پر ایک نوجوان موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا تھا جبکہ دو زخمیوں کو طبی امداد کے لیے ٹی ایچ کیو ہسپتال پنڈ دادن خان منتقل کیا گیا۔

ریسکیو 1122 کے مطابق حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو کنٹرول روم نے دو ایمبولینسز جائے حادثہ پر روانہ کیں۔ ریسکیو اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کیں اور زخمی نوجوانوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد ٹی ایچ کیو ہسپتال پنڈ دادن خان منتقل کر دیا، جبکہ جاں بحق نوجوان کی میت بھی ہسپتال منتقل کی گئی۔

حادثے میں جاں بحق ہونے والے نوجوان کی شناخت 19 سالہ عمار ولد آصف سکنہ کھیوڑہ کے نام سے ہوئی جبکہ زخمیوں میں 19 سالہ محمد علی ولد محمد ناصر اور 17 سالہ انیق احمد ولد اصغر دونوں سکنہ کھیوڑہ شامل تھے۔

اسپتال ذرائع کے مطابق زخمی 17 سالہ انیق احمد کی حالت تشویشناک ہونے پر اسے راولپنڈی منتقل کیا گیا، تاہم وہ وہاں پہنچتے ہی دم توڑ گیا۔ اس طرح حادثے میں جاں بحق ہونے والے نوجوانوں کی تعداد دو ہو گئی جبکہ تیسرے زخمی محمد علی کی حالت بھی تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثہ ٹریکٹر ٹرالی کی تیز رفتاری کے باعث پیش آیا جبکہ ٹرالی کا ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا۔ پولیس نے ٹریکٹر ٹرالی کو تحویل میں لے کر قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔

↑
Exit mobile version