جہلم: پولیس کی بچھڑوں کو اپنوں سے ملوانے کی روایت برقرار رکھتے ہوئے تھانہ کالا گجراں پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے گمشدہ بچی کو تلاش کر کے بحفاظت ورثاء کے حوالے کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق جہلم میں تھانہ کالا گجراں پولیس کو لواحقین کی جانب سے ایک بچی کے گم ہونے کی اطلاع موصول ہوئی، جس پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مختلف مقامات پر تلاش شروع کی۔
پولیس کی موثر کوششوں کے نتیجے میں گمشدہ بچی کو تلاش کر لیا گیا، جس کے بعد اسے بحفاظت اس کے اہل خانہ کے حوالے کر دیا گیا۔
ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری کا کہنا ہے کہ جہلم پولیس شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے ساتھ ساتھ ہر مشکل گھڑی میں عوام کی مدد کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے تحفظ اور خدمت کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
