احسن پبلک ہائر سیکنڈری اسکول مہر وارث پدھری میں شاندار سالانہ تقسیم انعامات کی تقریب

سوہاوہ: احسن پبلک ہائر سیکنڈری اسکول مہر وارث پدھری میں سالانہ تقریب نہایت جوش و خروش اور شاندار انداز میں منعقد ہوئی، جس میں طلبہ نے ملی نغمے، تقاریر، ٹیبلو اور دیگر ثقافتی پروگرام پیش کر کے حاضرین سے بھرپور داد وصول کی۔
تقریب کے دوران طلبہ کی بہترین کارکردگی پر ہال تالیوں سے گونج اٹھا اور شرکاء نے مختلف پروگرامز کو بے حد سراہا۔
تقریب میں علاقہ بھر سے معزز مہمانانِ گرامی نے شرکت کی جن میں پروفیسر شریف ساجد (صدر اے پی ایس ایم اے جہلم)، سر محمد عامر (ڈائریکٹر نیشنل اسکول آف سائنس نگال)، سر عرفان (سینئر ٹیچر گورنمنٹ ایلیمنٹری اسکول مہر وارث)، ابرار نجیب گجر (ڈائریکٹر روہتاس انٹرنیشنل اسکول جھنگ چک)، پروفیسر عدالت، محمد صفدر (ریٹائرڈ سینئر ٹیچر)، احسن محمود چوہدری (ڈائریکٹر دی وژن اسکول اینڈ کالج)، ڈاکٹر محمد اشفاق، راجہ محمد افضل، چوہدری مظہر اور چوہدری عبدالمجید شامل تھے۔
مہمانانِ گرامی نے اپنے خطابات میں طلبہ کی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی تقریبات طلبہ کے اعتماد میں اضافہ کرتی ہیں اور ان کی تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگر کرتی ہیں۔ انہوں نے اسکول انتظامیہ اور اساتذہ کی کاوشوں کو بھی سراہا اور تعلیمی خدمات کو قابلِ قدر قرار دیا۔
تقریب کے اختتام پر نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ میں انعامات تقسیم کیے گئے۔ آخر میں احسن پبلک ہائر سیکنڈری اسکول کے ہیڈ و پرنسپل نبیل احمد چوہدری نے تقریب میں شرکت کرنے والے معزز مہمانوں، والدین اور اسکول کے تمام اسٹاف کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔



