جہلم میں متعدد کاروباری مراکز پر ایف بی آر بارکوڈ کے بغیر بل جاری کرنے اور زائد نرخ وصول کرنے کا انکشاف

جہلم: ضلع جہلم میں اندرون شہر، جی ٹی روڈ اور دیگر علاقوں میں قائم بعض معروف ریسٹورنٹس، سویٹس اینڈ بیکرز، کلاتھ مرچنٹس اور برانڈڈ جوتے فروخت کرنے والے کاروباری مراکز پر صارفین کو ایف بی آر کے لازمی کیو آر/بارکوڈ کے بغیر بل جاری کرنے اور ٹیکس وصول کرنے کے الزامات سامنے آئے ہیں۔
متاثرہ شہری کے مطابق متعدد کاروباری ادارے بل پر سروس چارجز اور سیلز ٹیکس تو درج کر رہے ہیں، تاہم فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کا قابلِ تصدیق کیو آر بارکوڈ موجود نہیں ہوتا، جس سے یہ سوال پیدا ہوتا ہے کہ صارفین سے وصول کیا جانے والا ٹیکس سرکاری خزانے میں جمع بھی ہو رہا ہے یا نہیں۔
شہری نے مزید الزام عائد کیا کہ بعض ریسٹورنٹس اور دیگر تجارتی مراکز میں کھانے پینے کی اشیاء اور دیگر مصنوعات پر مقررہ نرخوں سے زائد قیمتیں بھی وصول کی جا رہی ہیں، جس کے باعث صارفین مالی استحصال کا شکار ہو رہے ہیں۔
اس معاملے پر شہریوں اور سماجی حلقوں نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر)، ضلعی انتظامیہ، پرائس کنٹرول مجسٹریٹس اور دیگر متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ ان الزامات کی شفاف تحقیقات کی جائیں۔ اگر بے ضابطگیاں ثابت ہوں تو ذمہ دار کاروباری اداروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے اور صارفین سے زائد نرخ وصول کرنے کے معاملات کی بھی مکمل جانچ پڑتال کی جائے تاکہ عوامی استحصال کا مؤثر سدباب ممکن بنایا جا سکے۔
واضح رہے کہ خبر میں بیان کیے گئے الزامات متاثرہ شہری کی شکایت پر مبنی ہیں۔ متعلقہ کاروباری اداروں اور متعلقہ حکام کا مؤقف سامنے آنے پر اسے بھی خبر کا حصہ بنایا جائے گا۔



