دینہ کی عوام کو رمضان میں ریلیف فراہم کرنا اولین ترجیح ہے، اسسٹنٹ کمشنر تیمور خان

دینہ: ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر دینہ تیمور خان نے صبح سویرے سبزی و فروٹ منڈی کا دورہ کیا تاکہ رمضان المبارک میں شہریوں کو سستی اور معیاری اشیاء کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔

اسسٹنٹ کمشنر نے نیلامی کے عمل کی خود نگرانی کی، جس کے باعث قیمتیں کنٹرول میں رہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ماہِ صیام میں طلب بڑھنے کے باوجود مصنوعی مہنگائی کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی اور منافع خوروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

منڈی کے آڑھتیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق عوام کو رمضان میں ریلیف فراہم کرنا اولین ترجیح ہے۔ پھلوں اور سبزیوں کی کوالٹی اور ریٹ لسٹ پر کسی قسم کا سمجھوتہ برداشت نہیں کیا جائے گا۔

ضلعی انتظامیہ نے مارکیٹ کمیٹی کو ہدایت کی ہے کہ نیلامی کے فوراً بعد سرکاری ریٹ لسٹ جاری کر کے مارکیٹوں میں نمایاں طور پر آویزاں کی جائے۔ اسسٹنٹ کمشنر دینہ نے کہا کہ رمضان المبارک کے دوران منڈیوں کی مسلسل مانیٹرنگ جاری رہے گی تاکہ عام آدمی کو براہِ راست ریلیف مل سکے۔

شہریوں نے انتظامیہ کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ افسران کی فیلڈ میں موجودگی سے قیمتوں میں استحکام آ رہا ہے اور روزہ داروں کو واضح فائدہ پہنچ رہا ہے۔

Exit mobile version