اسسٹنٹ کمشنر ساجدہ رزاق کا اراضی ریکارڈ سنٹر کا دورہ، شہریوں کے مسائل سنے

دینہ: اسسٹنٹ کمشنر دینہ ساجدہ رزاق نے عوامی سہولیات کا جائزہ لینے اور شہریوں کی شکایات کے ازالے کے لیے اراضی ریکارڈ سنٹر دینہ کا دورہ کیا۔
دورے کے دوران اسسٹنٹ کمشنر نے سائلین سے براہِ راست ملاقات کی اور ان کے مسائل سنے۔ انہوں نے متعلقہ عملے کو شہریوں کی شکایات کے فوری اور ترجیحی بنیادوں پر ازالے کی سخت ہدایات جاری کیں۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر نے سنٹر میں ٹوکن سسٹم، انتظار گاہ، صفائی ستھرائی اور عملے کی حاضری کا بھی معائنہ کیا اور عوام کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔
ساجدہ رزاق نے واضح کیا کہ فرد، انتقال اور اراضی ریکارڈ سے متعلق معاملات میں کسی قسم کی تاخیر یا غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے خصوصی طور پر ہدایت کی کہ بزرگ شہریوں اور خواتین کو ترجیحی بنیادوں پر فوری ریلیف فراہم کیا جائے۔



