ضلع جہلم میں پانچ روزہ پولیو مہم اختتام پذیر، 2 لاکھ 31 ہزار سے زائد بچوں کو قطرے پلائے گئے

جہلم: ضلع جہلم میں پانچ روزہ پولیو مہم اختتام پذیر ہو گئی،ضلع بھر میں 2 لاکھ 31 ہزار 190 بچوں تک ویکسین کی فراہمی یقینی بنائی گئی۔ ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس نے پولیو ٹیموں کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔
تفصیلات کے مطابق ضلع جہلم میں پانچ روزہ پولیو مہم کامیابی سے اختتام پذیر ہو گئی۔ اس مہم کے دوران 2 لاکھ 31 ہزار 190 بچوں کو پولیو ویکسین پلائی گئی جو مقررہ ٹارگٹ سے بھی زائد ہے۔ 1700 سے زائد پولیو ٹیموں نے پانچ روز کے دوران گھر گھر جا کر پانچ سال سے کم عمر کے بچوں کو پولیو ویکسین پلائی۔
ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس نے تمام پولیو ٹیموں کو مختلف اوقات میں فیلڈ میں جا کر چیک کیا۔
ڈپٹی کمشنر نے پولیو مہم کو کامیاب بنانے میں بہترین کارکردگی پر محکمہ صحت اور تمام پولیو ٹیموں کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اپنی نسلوں کو عمر بھر کی معذوری سے بچانے کیلئے کامیاب پولیو مہم انتہائی اہم ہے۔



