27 ستمبر کے احتجاج کے تناظر میں جہلم میں پی ٹی آئی کارکنوں کے خلاف کارروائیاں تیز، 48 افراد گرفتار

جہلم: 27 ستمبر کے احتجاج کے تناظر میں ضلع جہلم میں پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا سلسلہ مزید تیز ہو گیا ہے، ذرائع کے مطابق اب تک 48 افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔
تفصیلات کے مطابق27 ستمبر کے احتجاج کے تناظر میں ضلع جہلم میں پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں اور احتجاجی سرگرمیوں میں مبینہ طور پر متحرک افراد کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ مزید تیز ہونے کی اطلاعات ہیں۔ ذرائع کے مطابق اب تک 48 افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے، جبکہ مزید گرفتاریوں کے لیے ضلع کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں جاری ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ گرفتار کیے گئے افراد میں پاکستان تحریک انصاف کے سرگرم کارکن اور مقامی سطح پر احتجاجی سرگرمیوں میں متحرک رہنے والے افراد شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق گرفتار افراد میں سے 14 افراد کو میانوالی جیل منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ دیگر گرفتار افراد کو بھی میانوالی جیل منتقل کیے جانے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔
ذرائع کے مطابق 27 ستمبر کے احتجاج سے قبل ضلع جہلم کے مختلف علاقوں میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے مزید افراد کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔ جہلم، دینہ، سوہاوہ اور پنڈدادنخان کے مختلف علاقوں میں ممکنہ طور پر احتجاجی سرگرمیوں میں حصہ لینے والے افراد کے خلاف چھاپوں اور گرفتاریوں کا سلسلہ جاری رہنے کی اطلاعات ہیں۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے بعض افراد کی گرفتاری کے لیے فہرستوں کی بنیاد پر کارروائیاں کی جا رہی ہیں، جبکہ کارروائیوں کے پیش نظر بعض کارکن گرفتاری کے خدشے کے باعث روپوش بھی ہو گئے ہیں۔



