سوہاوہ: گورنمنٹ پرائمری سکول خدابخش میں سالانہ تقریب، بچوں میں انعامات تقسیم

سوہاوہ: گورنمنٹ پرائمری سکول خدابخش میں تعلیمی سال کے اختتام پر سالانہ نتائج کے اعلان کے لیے ایک پروقار اور رنگارنگ تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں طلبہ و طالبات، اساتذہ، والدین اور میڈیا نمائندگان کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآن پاک سے ہوا جبکہ بعد ازاں نعتِ رسولِ مقبول ﷺ پیش کی گئی۔ طلبہ نے مختلف تعلیمی و اصلاحی ٹیبلو پیش کیے، جن کی جاندار اداکاری اور خوبصورت ملبوسات نے حاضرین کے دل جیت لیے۔ ننھے منے بچوں کی شاندار پرفارمنس کو والدین اور مہمانوں نے خوب سراہا۔
اس موقع پر بلال آزاد (کلسٹر کوآرڈینیٹر ٹیلی تعلیم) نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ انہوں نے اپنے خطاب میں سکول کی کارکردگی اور اساتذہ کی محنت کو سراہتے ہوئے کہا کہ غیر نصابی سرگرمیاں بچوں کی پوشیدہ صلاحیتوں کو نکھارنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
تقریب کے اختتام پر سالانہ امتحانات میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات میں انعامات اور اسناد تقسیم کی گئیں۔ کامیاب بچوں کے چہروں پر خوشی دیدنی تھی جبکہ والدین نے سکول انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔
بلال آزاد نے مزید کہا کہ اساتذہ اور والدین کا باہمی رابطہ بچوں کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے جبکہ ٹیلی تعلیم کے تحت سکولوں میں لائبریری کارنر، آن لائن کلاسز اور سائنسی لیب جیسی سہولیات بھی فراہم کی جا رہی ہیں۔



