بیرون ملک مقیم پاکستانی کمیونٹی ملکی معیشت کیلئے اہم کردار ادا کررہی ہے، رانا ثمر جاوید

گلاسگو: اسکاٹ لینڈ میں پاکستان کے نئے قونصل جنرل رانا ثمر جاوید نے کہا ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی کمیونٹی پاکستانی معیشت میں ایک اہم کردار ادا کررہی ہے۔ یہ لوگ ہر سال تقریباً30بلین ڈالر کا زرمبادلہ پاکستان بھیجتے ہیں۔ علاوہ ازیں وہاں مقیم اپنےرشتہ داروں کی کفالت کرتے ہیں۔
پاکستانی قونصلیٹ گلاسگو میں مقامی صحافیوں کے ساتھ میٹ دی پریس پروگرام میں خطاب کرتے ہوئے رانا ثمر جاوید نے کہا کہ وہ اسکاٹ لینڈ اور پاکستان کے درمیان تجارتی، ثقافتی، سماجی اور تعلیمی تعلقات بڑھانے کے لیے مسلسل کام کرتے رہیں گے اور اس سلسلہ میں مجھے آپ سب کے تعاون کی ضرورت ہے۔ اسکاٹش کاروباری افراد کے لیے سرمایہ کاری کے واسطے پاکستان23کروڑ افراد کی ایک بڑی سرمایہ بخش مارکیٹ ہے۔
رانا ثمر جاوید نے کہا کہ مجھے یہ دیکھ کر نہایت خوشی ہوئی ہے کہ کسی زمانے میں نہایت بے سروسامانی کے عالم میں ہجرت کرنے والے پاکستانیوں کی نئی نسل نے اپنی محنت، ذہانت اور ایمانداری کی بدولت اسکاٹ لینڈ میں زندگی کے ہر شعبے میں ایک قابل فخر مقام حاصل کر رکھا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اسکاٹ لینڈ اور شمالی آئر لینڈ میں مقیم پاکستانیوں کی خدمت ہماری اولین ترجیحات میں شام ہیں۔ تقریب میں سبکدوش ہونے والے سابق قونصل جنرل سید زاہد رضا کی خدمات کو بھی شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔


