سوہاوہ میں ٹک ٹاک ویڈیو بنانے پر بااثر افراد کا برہنہ کر کے نوجوان پر تشدد

سوہاوہ میں چھت سے گاؤں کی ویڈیو بنانے پر بااثر افراد نے نوجوان کو برہنہ کر کے بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔
تفصیلات کے مطابق یہ انسانیت سوز واقعہ جہلم کی تحصیل سوہاوہ میں تھانہ ڈومیلی کے علاقہ پدھری میں پیش آیا، جہاں گاؤں کی ویڈیو بنانے کے الزام پر بااثر افراد نے اپنی عدالت لگا کر ایک نوجوان کو برہنہ کر کے بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا اور اس کی ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر وائرل کر دی۔
پولیس کے مطابق متاثرہ نوجوان پر الزام تھا کہ وہ گاؤں کی ویڈیوز بنا کر ٹک ٹاک پر اپلوڈ کرتا تھا، جس پر چند افراد نے اسے پکڑ کر تشدد کا نشانہ بنایا۔ ایف آئی آر کے متن کے مطابق ملزمان نے نہ صرف نوجوان کو برہنہ کر کے تشدد کا نشانہ بنایا بلکہ اس کا موبائل فون بھی چھین کر اس میں موجود ڈیٹا ٹرانسفر کیا اور ویڈیو ریکارڈنگ بھی کرتے رہے۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر تھانہ ڈومیلی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے پانچ نامزد افراد جن میں راجہ وقاص، محمد سلیمان، راجہ امان، راجہ طلعت اور راجہ الفت شامل ہیں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق ملزمان میں سے دو افراد سلیمان اور وقاص کو گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ دو ملزمان الفت اور امان بیرون ملک فرار ہو چکے ہیں۔ ایک ملزم راجہ طلعت عبوری ضمانت پر ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ کی مکمل تحقیقات کی جا رہی ہیں اور تمام ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں لا کر انصاف کے تقاضے پورے کیے جائیں گے۔



