سرکاری ہسپتالوں میں عام آدمی کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے، غزالہ اصغر

سوہاوہ: ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر سوہاوہ غزالہ اصغر نے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال سوہاوہ کا اچانک دورہ کیا، جہاں انہوں نے طبی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
دورے کے دوران اسسٹنٹ کمشنر نے مختلف وارڈز اور ایمرجنسی کا معائنہ کیا جبکہ فارمیسی میں ادویات کے اسٹاک اور طبی آلات کی ورکنگ کنڈیشن بھی چیک کی۔ انہوں نے زیر علاج مریضوں اور ان کے لواحقین سے ملاقات کر کے علاج معالجے اور مفت ادویات کی فراہمی کے بارے میں دریافت کیا۔
اس موقع پر انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ کسی بھی مریض کو ادویات باہر سے خریدنے پر مجبور نہ کیا جائے اور مفت ادویات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔
اسسٹنٹ کمشنر غزالہ اصغر نے صفائی کے ناقص انتظامات پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے فوری بہتری لانے کی ہدایت کی، جبکہ ڈاکٹرز اور عملے کی حاضری یقینی بنانے کا بھی حکم دیا۔
انہوں نے واضح کیا کہ سرکاری ہسپتالوں میں معیاری طبی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس حوالے سے کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے انتظامیہ کو وارننگ دی کہ ہسپتال کے نظم و نسق کو بہتر بنایا جائے تاکہ شہریوں کو علاج کے دوران کسی دشواری کا سامنا نہ ہو۔
اسسٹنٹ کمشنر نے مزید کہا کہ ہسپتالوں کے ایسے سرپرائز دورے آئندہ بھی جاری رہیں گے تاکہ سروس ڈیلیوری کو بہتر بنایا جا سکے۔



