پنڈدادنخان: تھانہ للِہ کے علاقہ میں نوجوان کے ساتھ غیر انسانی سلوک، تشدد اور مبینہ جنسی زیادتی کے واقعہ پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے چار ملزمان کو گرفتار کر لیا اور مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل پنڈدادنخان میں ایس ایچ او تھانہ للِہ اور ان کی ٹیم نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے 4 ملزمان کو گرفتار کیا۔ پولیس نے ملزمان کے قبضہ سے ناجائز اسلحہ پسٹل 30 بور معہ ایمونیشن اور ڈنڈے بھی برآمد کر لیے ہیں۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزمان نے ذاتی رنجش کی بنیاد پر نوجوان کو تشدد کا نشانہ بنایا اور اس کے ساتھ غیر انسانی سلوک کیا، جبکہ اسے مبینہ طور پر جنسی زیادتی کا نشانہ بھی بنایا گیا اور واقعہ کی ویڈیو بھی بنائی گئی۔
پولیس کے مطابق ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش جاری ہے اور قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری کا کہنا ہے کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے اور کسی بھی شہری کے ساتھ ظلم و زیادتی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی، ایسے عناصر کے خلاف بلا امتیاز سخت قانونی کارروائی جاری رکھی جائے گی۔
