پٹرولنگ پولیس راولپنڈی ریجن کی جانب سے جشن عید میلادالنبی ﷺ اور یومِ دفاع کی تقریبات کا انعقاد

سوہاوہ: پٹرولنگ پولیس راولپنڈی ریجن کی جانب سے ریجنل آفیسر محمد عرفان بٹ کی ہدایات پر جشن عید میلادالنبی ﷺ اور یومِ دفاع پاکستان کے حوالے سے شاندار تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔

ریجن ہائی وے کی تمام پوسٹوں پر قرآن خوانی، نعت خوانی اور پرچم سلامی کا اہتمام کیا گیا، جبکہ پٹرولنگ پوسٹ 22 میل پر مرکزی تقریب منعقد ہوئی۔ اس تقریب میں ریجنل آفیسر محمد عرفان بٹ نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔

تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآن پاک سے ہوا جس کے بعد محفل نعت اور درود و سلام سے فضا معطر ہو گئی۔ ملک و قوم کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔ یومِ دفاع کے حوالے سے پرچم کشائی اور پرچم سلامی دی گئی۔

ریجنل آفیسر محمد عرفان بٹ نے اپنے خطاب میں کہا کہ سیرت النبی ﷺ ہماری زندگیوں کے لیے مشعلِ راہ ہے، جبکہ یوم دفاع ہمیں ملک و قوم کے تحفظ اور قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پٹرولنگ پولیس عوام کے ساتھ دوستانہ رشتہ قائم کرنے اور کمیونٹی پولیسنگ کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے۔

تقریب کے اختتام پر ریجنل آفیسر نے معزز مہمانوں اور پولیس اسٹاف کے ہمراہ کیک کاٹا اور خوشگوار لمحات گزارے۔ معززین علاقہ اور مصالحتی کمیٹی کے اراکین نے تقریب اور بہترین انتظامات کو خوب سراہا اور پولیس عوام ربط کی یہ کاوش خوش آئند قرار دی۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button