شہید کانسٹیبل محمد سعید کی 12ویں برسی، پولیس افسران کی لحد پر فاتحہ خوانی اور سلامی

جہلم: شہید کانسٹیبل محمد سعید کی 12ویں برسی کے موقع پر پولیس افسران نے ان کی لحد پر حاضری دے کر خراجِ عقیدت پیش کیا، جبکہ پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی بھی دی۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم شفیق احمد چوہدری کے احکامات پر ڈی ایس پی صدر سرکل شہباز ہنجرا، ایس ایچ او منگلا کینٹ اور دیگر پولیس افسران نے شہید کی قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور ان کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔

پولیس کے مطابق شہید کانسٹیبل محمد سعید ایلیٹ فورس میں تعینات تھے اور 2014 میں خطرناک ملزمان کی گرفتاری کے دوران احمد آباد بند کے قریب موجود تھے کہ موٹر سائیکل سوار دو ملزمان نے ٹرالی کی اوٹ سے اچانک فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں وہ چھاتی پر گولی لگنے سے موقع پر ہی شہید ہو گئے۔

ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری نے کہا کہ شہداء پولیس ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں جنہوں نے اپنے خون سے ملک و ملت کی آبیاری کی۔ انہوں نے کہا کہ شہداء پولیس ہمارے محسن ہیں، جنہوں نے بہادری اور شجاعت کی لازوال داستانیں رقم کیں اور ہمیشہ کے لیے امر ہو گئے۔

انہوں نے مزید کہا کہ شہداء کی قربانیاں جہلم پولیس اور عوام پر قرض ہیں، جبکہ شہداء کے اہل خانہ کی دیکھ بھال پولیس کی ذمہ داری ہے اور انہیں کبھی تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔

Exit mobile version