جہلم: ضلع جہلم کے متعدد سرکاری اسکولوں کی خستہ حال عمارتیں اور غیر محفوظ چار دیواریاں زیرِ تعلیم طلبہ و طالبات کے لیے خطرے کا باعث بننے لگی ہیں۔ محکمہ تعلیم کی مبینہ عدم توجہی اور بروقت تعمیر و مرمت نہ ہونے کے باعث کئی سرکاری اسکولوں کی عمارتوں کی حالت تشویش ناک ہوتی جا رہی ہے، جس پر طلبہ و طالبات کے والدین نے گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔
والدین کے مطابق سرکاری اسکولوں کی عمارتوں کی مناسب دیکھ بھال اور ضروری مرمت نہ ہونے کے باعث صورتحال مسلسل خراب ہو رہی ہے۔ بعض اسکولوں میں عمارتوں کی خستہ حالی اور چار دیواریوں کی غیر محفوظ حالت طلبہ کی سلامتی کے حوالے سے سنجیدہ خدشات پیدا کر رہی ہے۔
شہریوں اور والدین کا کہنا ہے کہ گزشتہ کئی سال سے اسکولوں کی تعمیر و مرمت کے کام میں خاطر خواہ پیش رفت دکھائی نہیں دے رہی اور یہ سلسلہ تقریباً تعطل کا شکار ہو چکا ہے۔ ان کے مطابق تعلیمی اداروں میں بچوں کو محفوظ ماحول فراہم کرنا متعلقہ حکام کی بنیادی ذمہ داری ہے، اس لیے اسکولوں کی عمارتوں کی حالت بہتر بنانے کے لیے فوری اقدامات کیے جانے چاہییں۔
والدین نے اربابِ اختیار، محکمہ تعلیم کے اعلیٰ حکام اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ ضلع بھر کے سرکاری اسکولوں کی عمارتوں اور چار دیواریوں کا فوری معائنہ کرایا جائے، خطرناک حصوں کی نشاندہی کی جائے اور ترجیحی بنیادوں پر تعمیر و مرمت کا کام شروع کیا جائے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے اور طلبہ و طالبات کو محفوظ تعلیمی ماحول میسر آ سکے۔
