دینہ: ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم شفیق احمد چوہدری نے تھانہ دینہ میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا، جس میں اہلِ علاقہ کی بڑی تعداد نے شرکت کر کے اپنے مسائل، شکایات اور تجاویز پیش کیں۔ ڈی پی او نے شہریوں کے مسائل موقع پر سنتے ہوئے متعلقہ افسران کو فوری کارروائی اور ان کے حل کے احکامات جاری کیے۔
اس موقع پر ڈی پی او شفیق احمد چوہدری نے کہا کہ اگر کسی بھی شہری کو مقامی پولیس کے رویے، تفتیش یا کسی اور معاملے پر اعتراض ہو تو وہ بلا جھجک براہِ راست ان سے رابطہ کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسپکٹر جنرل پنجاب کے ویژن کے مطابق فوری انصاف عوام کی دہلیز تک پہنچانے کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں، جن میں پولیس خدمت مراکز، پولیس تحفظ مراکز، میثاق سینٹرز، مصالحتی کونسلز اور تھانہ جات کی اسپیشل انیشی ایٹو پولیس اسٹیشنز کے طور پر اپ گریڈیشن شامل ہے، جہاں شہریوں کو چوبیس گھنٹے خدمات فراہم کی جا رہی ہیں۔
ڈی پی او نے کہا کہ آئی جی پنجاب اور آر پی او راولپنڈی ڈویژن کی ہدایات پر ضلع بھر میں کھلی کچہریوں کا سلسلہ جاری ہے تاکہ شہریوں کے مسائل بروقت اور ان کی دہلیز پر حل کیے جا سکیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ بلاجھجک کھلی کچہریوں میں آ کر اپنے مسائل بیان کریں تاکہ انہیں فوری ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
بعد ازاں ڈی پی او جہلم کی زیر صدارت تھانہ دینہ میں تفتیشی افسران کا اجلاس بھی منعقد ہوا، جس میں ایس ڈی پی او صدر سرکل، ایس ایچ او تھانہ دینہ اور تفتیشی افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں زیرِ تفتیش دیرینہ مقدمات، نامکمل چالان، رپورٹ ہائے 173 ضابطہ فوجداری اور مقدمات کی بروقت تکمیل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ڈی پی او نے ہدایت کی کہ پراسیکیوشن کے ساتھ قریبی رابطہ برقرار رکھتے ہوئے تمام مقدمات کے چالان مقررہ 14 روزہ مدت کے اندر عدالتوں میں جمع کرائے جائیں تاکہ شہریوں کو بروقت انصاف فراہم کیا جا سکے۔
انہوں نے سپروائزری افسران کو ہدایت کی کہ وہ ایس ایچ اوز اور تفتیشی افسران کے ساتھ باقاعدگی سے اجلاس منعقد کریں، ریکارڈ کی تکمیل پر خصوصی توجہ دیں اور پینڈنگ روڈ سرٹیفکیٹس سمیت تمام زیر التوا امور کو جلد نمٹائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ تمام تھانوں اور سرکل افسران کی کارکردگی روزانہ کی بنیاد پر مانیٹر کی جا رہی ہے، بہتر کارکردگی دکھانے والوں کی حوصلہ افزائی جبکہ غفلت برتنے والوں سے بازپرس کی جائے گی۔
ڈی پی او شفیق احمد چوہدری نے تھانہ دینہ کا بھی تفصیلی دورہ کیا، جہاں انہوں نے تھانے کی عمارت، بیرک، فرنٹ ڈیسک، کچن، حوالات، ریکارڈ روم، وی ایس او روم، ایس ایچ او روم، محرر دفتر اور کوت کا معائنہ کیا۔
انہوں نے سیکیورٹی انتظامات، صفائی ستھرائی، ریکارڈ کی درستگی اور عوام کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آنے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ حساس مقامات، عبادت گاہوں، اہم تنصیبات اور عوامی مقامات پر پولیس گشت میں مزید اضافہ کیا جائے، مشکوک افراد پر کڑی نظر رکھی جائے اور ہر قسم کی ایمرجنسی صورتحال میں فوری رسپانس کو یقینی بنایا جائے۔
ڈی پی او جہلم نے کہا کہ ضلع جہلم پولیس عوام کی خدمت، شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور امن و امان کے قیام کے لیے ہر وقت متحرک ہے۔ انہوں نے تمام افسران اور اہلکاروں کو ہدایت کی کہ وہ اپنی ذمہ داریاں پیشہ ورانہ مہارت، دیانتداری اور احساسِ ذمہ داری کے ساتھ ادا کریں تاکہ عوام کا پولیس پر اعتماد مزید مضبوط ہو۔
