سوہاوہ: 23 سالہ نوبیاہتا دلہے کے قتل کے الزام میں گرفتار ملزم کا 22 سالہ بھائی مبینہ طور پر اغوا

سوہاوہ/ گوجر خان: سوہاوہ کے 23 سالہ نوبیاہتا دلہے کے قتل کے الزام میں گرفتار ملزم کے بھائی کو چار مسلح افراد نے گوجرخان سے مبینہ طور پر اغوا کر لیا، لڑکے کو اغوا کرنے کی سی سی ٹی وی فوٹیج جہلم اپڈیٹس کو موصول ہو گئی، پولیس نے مقدمہ درج کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل سوہاوہ کے علاقہ آڑا سسرال میں قتل ہونے والے 23 سالہ نوبیاہتا دلہے شاہزیب کے مقدمہ میں ملوث ملزم خاور کے بھائی اور ضمانت پر رہا محمد علی کے بھانجے 22 سالہ جہانزیب علی کو گوجرخان کے علاقہ نیو آبادی آڑہ راجگان سے چار مسلح ملزمان نے مبینہ طور پر اغوا کر لیا۔

مبینہ اغوا کا واقعہ 20اور 21ستمبر کی رات کو پیش آیا۔ مسلح ملزمان نے گھر میں داخل ہو کر خواتین کو تشدد کا نشانہ بھی بنایا اوراسلحہ کے زور پر جہانزیب علی کو اغوا کر کے کیری ڈبہ میں ڈال کر لے گئے۔

مسلح ملزمان کی خواتین پر تشدد اور نوجوان کو اغوا کرنے کی ویڈیو جہلم اپڈیٹس کو موصول ہوگئی۔ ویڈیو میں مسلح ملزمان کو واردات کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔

تھانہ گوجرخان پولیس نے تین نامزد اور دو نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کر کے مغوی کی بازیابی کے لئے کوشش شروع کردی ہے۔

یاد رہے کہ رواں سال مئی میں جہلم کی تحصیل سوہاوہ کے علاقہ آڑا سسرال میں مبینہ طور پر محمد علی کی ایما پر ملزم خاور اور کاظم نے 23 سالہ نوبیاہتا دلہا شاہ زیب کو گھر کے دروازے پر فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا۔ ملزمان اور مقتول کے مابین کبوتربازی کی وجہ سے رنجش چل رہی تھی۔ ایس ایچ او سوہاوہ محمد عمران اوران کی ٹیم نے تینوں ملزمان کو گرفتار کر لیا تھا جبکہ ملزم محمد علی کو گزشتہ روز عدالت نے ضمانت پر رہا کر دیا ہے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button