کیلیفورنیا، سوئمنگ پول میں نہاتے ہوئے پاکستانی پروفیسر نوید احمد کو ہارٹ اٹیک، دماغ مفلوج ہو گیا ، علاج کیلیے فنڈ ریزنگ مہم شروع

نیویارک: امریکی ریاست کیلیفورنیا کے ایک ہسپتال میں پاکستانی سول انجینئر پروفیسر ڈاکٹر نوید احمد ایک المناک حادثے کی وجہ سے زندگی اور موت کی جنگ لڑ رہے ہیں۔

ڈاکٹر نوید احمد کے فیملی ذرائع کے مطابق گزشتہ ہفتے 12 مئی کی سہ پہر کو ڈاکٹر نوید احمد کیلیفورنیا کے شہر سانتا کلارا کے ایک سوئمنگ پول میں اپنی فیملی کے ہمراہ نہا رہے تھے، جب انہیں اچانک دل کا شدید دورہ پڑا. جس کی وجہ سے وہ تالاب میں ڈوب گئے، تقریباً 5منٹ تک وہ پانی میں رہے۔

بعدازاں حقیقت کا پتہ چلنے پر ہنگامی ریسکیو عملہ موقع پر پہنچ گیا جو 10 منٹ تک سی پی آر پروسیجر کے ذریعے انکے دل کی دھڑکن بحال کرنے کی کوشش کرتا رہا۔ بعدازاں انہیں مقامی ہسپتال پہنچایا گیا جہاں اب تک وہ مسلسل قومے کی حالت میں ہیں۔

ڈاکٹروں کے مطابق شدید ہارٹ اٹیک اور تالاب میں ڈوبے رہنے کی وجہ سے انکے دماغ کو آکسیجن نہیں مل سکی جسکی وجہ سے انکے دماغ کا ایک حصہ مفلوج ہونے کی وجہ سے کام نہیں کر رہا۔ ڈاکٹروں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ پروفیسر نوید دل کے دورے اور دماغ پر فالج کے شدید اٹیک کی وجہ سے ایک لمبے عرصے یا پھر ساری زندگی قومے کی حالت میں رہ سکتے ہیں۔

ڈاکٹر نوید اس وقت سانتا کلارا (کیلیفورنیا) کے کیزر پرمیننٹ میڈیکل سنٹر کے آئی سی یو میں اپنی زندگی کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ طبی ماہرین کے مطابق میڈیکل پروفیشنلز کی بہترین کوششوں کے باوجود نوید احمد کو مکمل طور صحت یاب ہونے کے لیے ایک طویل اور غیر یقینی صورتحال کا سامنا کرنا پڑے گا، ڈاکٹر نوید احمد کی فیملی میں انکی اہلیہ شمع نوید اور انکے 17 سال سے کم عمر کے 4بچے ہیں۔

کیلیفورنیا کے شہر سان فرانسسکو میں مقیم ڈاکٹر نوید احمد کے سٹوڈنٹ سول انجینئر حاشر خٹک نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ "وہ یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی پشاور میں پروفیسر نوید احمد کے شاگرد رہے ہیں، وہ ایک انسان دوست استاد اور سول انجینئرنگ کے شعبے کے انتہائی ماہر پروفیسر کے ساتھ پیش آئے اس المناک حادثے سے انتہائی غمزدہ ہیں۔

حاشر کا مزید کہنا تھا کہ "اس کڑے وقت میں انہوں نے پروفیسر نوید احمد کی فیملی کی رضامندی سے انکی مالی امداد اور ہسپتال کے بلوں کی ادائیگی کے لیے "گو فنڈ می” نامی ویب سائٹ پر پروفیسر نوید احمد کے لیے فنڈ ریزنگ پیچ قائم کیا ہے، جہاں دنیا بھر میں پھیلے ہوئے انکے چاہنے والے، شاگرد اور دیگر لوگ ڈونیشن دے سکتے ہیں جبکہ پاکستان میں بھی انکے شاگردوں نے مقامی سطح پر پروفیسر نوید احمد کی فیملی کی مالی امداد کے لیے بینک میں ایک اکاؤنٹ کھولا ہے۔”

یونیورسٹی سطح پر درس و تدریس کا وسیع تجربہ رکھنے والے پروفیسر نوید احمد نے سول انجینئرنگ میں پی ایچ ڈی کر رکھی ہے، وہ سول انجینئرنگ کے شعبے سٹرکچرل انجینئرنگ اور ارتھ کویک انجینئرنگ میں خصوصی مہارت رکھتے ہیں، امریکہ منتقل ہونے سے قبل ڈاکٹر نوید احمد یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی پشاور سے بطور ایسوسی ایٹ پروفیسر منسلک تھے۔

پروفیسر نوید احمد سال2021-2022 میں ایک سالہ فلبرائیٹ سکالرشپ پر کیلیفورنیا کی سٹنفورڈ یونیورسٹی میں تحقیق کے لیے آئے تھے، سٹنفورڈ یونیورسٹی میں انکی تحقیق کا موضوع "زلزلہ کی تباہ کاریوں کا تخمینہ اور پاکستان میں اسٹیل مومنٹ فریموں کی بہتری” تھا۔

امریکہ میں اپنی تحقیق مکمل کرنے کے بعد وہ گزشتہ ایک سال سے معروف امریکی کنسٹریکشن کمپنی "موفات اینڈ نیکول” کے ساتھ بطور سٹرکچرل انجنئیر کام کر رہے تھے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button