دینہ میں ترقی کا آغاز، رورل ہیلتھ سنٹر دینہ کو ٹی ایچ کیو بنانے کا وعدہ پورا ہوگا، بلال اظہر کیانی

دینہ میں وفاقی وزیر مملکت برائے ریلوے بلال اظہر کیانی کے اعزاز میں ایک پُروقار افطار ڈنر کی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔ دینہ پہنچنے پر ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز مسلم لیگ (ن) کے سابق ایم پی اے مہر محمد فیاض، کوآرڈینیٹر راجہ علی، راجہ لیاقت علی، میاں عتیق اور میاں سجاد کی جانب سے وفاقی وزیر مملکت برائے ریلوے بلال اظہر کیانی کے اعزاز میں ایک پرتکلف افطار ڈنر کا اہتمام کیا گیا۔

اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلال اظہر کیانی نے کہا کہ عوام سے کیے گئے وعدے پورے ہو رہے ہیں اور تحصیل دینہ میں ترقی کا سفر شروع ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دینہ رورل ہیلتھ سنٹر کو ٹی ایچ کیو بنانے کا وعدہ پورا کیا جائے گا اور اس پر عملی کام جلد شروع ہو جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ آج کا دن 23 مارچ ہمارے لیے نہایت اہم ہے کیونکہ اس دن پاکستان کے قیام کی جدوجہد کا آغاز ہوا تھا۔ ہم سب کو اس دن کی قدر کرنی چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دینہ میں صفائی کا عمل تیزی سے جاری ہے اور شہر کو صاف ستھرا بنانے کے لیے خصوصی ٹیمیں کام کر رہی ہیں۔ انہوں نے عوام کی محبت اور عزت افزائی پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

بلال اظہر کیانی نے کہا کہ انتخابات سے قبل عوام سے کیے گئے وعدے اب عملی جامہ پہن رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دینہ کے عوام کا سب سے بڑا مسئلہ ٹی ایچ کیو کا تھا، جس پر کام کا آغاز ہو چکا ہے اور جلد ہی اسے مکمل کر لیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا مشن صفائی، تعلیم اور دیگر بنیادی سہولیات کو بہتر بنانا ہے اور اس حوالے سے مسلسل کوششیں جاری ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضلع جہلم میں متعدد ترقیاتی منصوبے مکمل کیے جا چکے ہیں اور آئندہ بھی عوام کی فلاح و بہبود کے لیے کام جاری رہے گا۔

وفاقی وزیر مملکت بلال اظہر کیانی نے افطار ڈنر کے اہتمام پر میزبانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ سابق ایم پی اے مہر محمد فیاض، کوآرڈینیٹر راجہ علی، راجہ لیاقت علی، میاں عتیق اور میاں سجاد کے مشکور ہیں، جنہوں نے ان کے اعزاز میں شاندار استقبال اور عزت بخشی۔

انہوں نے کہا کہ وہ عوام کی رہنمائی میں آگے بڑھتے رہیں گے اور ترقیاتی منصوبے پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے پوری کوشش کریں گے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button