جہلم چیمبر آف کامرس کے صدر کی جہلم پریس کلب آمد، نومنتخب جنرل سیکرٹری کو مبارکباد

جہلم چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر اور معروف سماجی و کاروباری شخصیت حاجی زاہد حسین بٹ اپنی ٹیم کے ہمراہ جہلم پریس کلب پہنچے، جہاں انہوں نے پریس کلب کی نومنتخب جنرل سیکرٹری صائمہ سحر کو شاندار کامیابی پر مبارکباد پیش کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

اس موقع پر چیئرمین جہلم پریس کلب چوہدری عابد محمود، نائب صدر مرزا قدیر بیگ، جوائنٹ سیکرٹری چوہدری تصور حسین، سینئر صحافی عبدالرحمن قادری، چوہدری دانیال عابد، عبدالغفار آزاد اور دیگر صحافیوں نے معزز مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حاجی زاہد حسین بٹ نے کہا کہ صحافت معاشرے کی رہنمائی، عوامی مسائل کو اجاگر کرنے اور مثبت تبدیلی لانے کا ایک مؤثر ذریعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ محترمہ صائمہ سحر کا جنرل سیکرٹری منتخب ہونا جہلم کی صحافتی برادری کے لیے ایک خوش آئند اور تاریخی پیش رفت ہے، جس سے خواتین کی صحافتی میدان میں نمائندگی مزید مضبوط ہوگی۔

انہوں نے اس موقع پر اعلان کیا کہ جہلم چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری پریس کلب کے ساتھ ہر ممکن تعاون جاری رکھے گا۔ انہوں نے پریس کلب میں صدر اور جنرل سیکرٹری کے نئے چیمبرز تعمیر کرانے کا اعلان بھی کیا، جسے شرکاء نے بھرپور انداز میں سراہا اور اس اقدام کو صحافتی برادری کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا۔

اس موقع پر حاجی زاہد حسین بٹ کے ہمراہ ان کے صاحبزادے نعمان زاہد اور چیمبر آف کامرس کی ٹیم کے دیگر اراکین بھی موجود تھے۔

نومنتخب جنرل سیکرٹری محترمہ صائمہ سحر نے معزز مہمانوں کی آمد، مبارکباد، نیک تمناؤں اور تعاون کے اعلان پر دلی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جہلم پریس کلب ہمیشہ تاجر برادری سمیت تمام مثبت سماجی، فلاحی اور عوامی سرگرمیوں میں اپنا فعال کردار ادا کرتا رہے گا۔

تقریب کے اختتام پر صحافی برادری کی جانب سے بھی جہلم چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ساتھ باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا گیا تاکہ ضلع جہلم کی ترقی، کاروباری سرگرمیوں کے فروغ اور عوامی مسائل کے حل کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھی جا سکیں۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button