چوری کی متعدد وارداتوں میں ملوث اسدو گینگ کا سرغنہ ساتھیوں سمیت گرفتار

پنڈدادنخان: تھانہ للِہ پولیس نے چوری کی متعدد وارداتوں میں مبینہ طور پر ملوث اسدو گینگ کے سرغنہ کو ساتھیوں سمیت گرفتار کرلیا۔ نقدی اور وارداتوں میں استعمال ہونے والا ناجائز اسلحہ برآمد کرلیا گیا۔

ترجمان جہلم پولیس کے مطابق جہلم کی تحصیل پنڈدادنخان میں ڈی ایس پی پنڈدادنخان میاں عبدالجبار کی زیرِ نگرانی ایس ایچ او تھانہ للِہ اور ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے چوری کی متعدد وارداتوں میں ملوث اسدو گینگ کے سرغنہ اور اس کے دو ساتھیوں کو گرفتار کر لیا۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضہ سے مالِ مسروقہ فروخت کرکے حاصل کی گئی 2 لاکھ 20 ہزار روپے نقدی جبکہ وارداتوں میں استعمال ہونے والے 2 عدد پسٹل 30 بور برآمد کیے گئے ہیں۔

ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے، جس کے دوران چوری کی دیگر وارداتوں اور ممکنہ ساتھیوں کے حوالے سے بھی معلومات حاصل کی جا رہی ہیں۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کو ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان عدالت کیا جائے گا اور انہیں قانون کے مطابق قرارِ واقعی سزا دلوانے کے لیے مؤثر پیروی کی جائے گی۔

ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور جرائم کے خاتمے کے لیے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری ہیں۔ موٹر سائیکل چوری سمیت دیگر جرائم میں ملوث ملزمان کو قانون کی گرفت میں لایا جائے گا، جبکہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ جہلم پولیس کی اولین ترجیح ہے۔

Exit mobile version